سابق صدر کی17 برس پرانی درخواست پر سماعت

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, بیورو رپورٹ
- عہدہ, لاہور
لاہور ہائی کورٹ میں سابق صدر آصف علی زرداری کی17 برس پرانی درخواست کی سماعت شروع ہوئی ہے جس میں انھوں نے منشیات کا مقدمہ خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔
منیشات کے مقدمے میں ماتحت عدالت سابق صدر کو پہلے بری کر چکی ہے۔
آصف علی زرداری کی درخواست کو لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ کے روبرو سماعت کے لیے پیش کیا گیا تاہم اس درخواست پر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔
وزیر اعظم نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں آصف علی زرداری کے خلاف لاہور میں منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا اور سابق صدر نے اس مقدمے کو خارج کرنے کے لیے سنہ 1998 میں لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ کے اپنے ریکارڈ کے مطابق آصف علی زرداری کی یہ 17 برس پرانی درخواست لاہور ہائی کورٹ کی ان پرانی درخواستوں میں سے ایک ہے جن کی اب ہنگامی بینادوں پر سماعت کی جا رہی ہے تاکہ پرانے مقدمات کو نمٹایا جا سکے۔
آصف علی زرداری کی یہ پرانی درخواست لاہور ہائی کورٹ کی اس ’ریڈ کاز لسٹ‘ میں شامل ہے جو ایک مدت سے زیر التوا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق مسعود اور جسٹس مرزا وقاص نے 17 برس پرانی درخواست پر سماعت کی تو سابق صدر کے وکیل بیرسٹر اعتزاز احسن سپریم کورٹ میں مصروف ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔
اعتراز احسن کی جانب سے درخواست پر موقف پیش کرنے کے لیے التوا کی استدعا کی گئی جس کو لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے منظور کر لیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آصف علی زرداری کے خلاف منشیات کے اس مقدمہ کی سماعت جیل کے اندر ہوتی رہی اور لاہور کےنصف درجن سے زائد ڈسٹرکٹ و سیشن ججوں نے ان کے خلاف مقدمے کی سماعت کی۔
سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری نے اپنے خلاف منشیات کے مقدمہ کے بارے میں کئی درخواستیں لاہور ہائی کورٹ میں دائر کیں اور ان میں ایک درخواست اخراجِ مقدمہ کی ہے جو گذشتہ 17 برس سے زیر سماعت ہے۔
آصف زرداری کے خلاف منشیات کے الزام میں قائم مقدمہ لگ بھگ دس برس تک لاہور میں زیر سماعت رہا اور لاہور کے ڈسٹرکٹ و سیشن جج رانا زاہد محمود نے دسمبر سنہ 2001 میں آصف علی زرداری کی ضمانت منظور کی تھی۔
سنہ 2008 کے عام انتخابات کے بعد جب پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی تو آصف علی زرداری کی جانب سے منشیات کے مقدمہ میں بریت کی درخواست دائر کی گئی اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج نے آصف علی زرداری کی درخواست منظور کرتے ہوئے انھیں منشیات کے مقدمہ سے بری کردیا تھا۔
سابق صدر آصف علی زرداری جس مقدمہ میں آٹھ برس پہلے بری ہو چکے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میں اسی مقدمہ کے اخراج کی درخواست آج بھی زیرسماعت ہے اور اس پر مزید کارروائی 11 مئی کو ہوگی۔







