موبائل فون سموں کی تصدیق میں 17 دن کی توسیع

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی وفاقی حکومت نے موبائل سموں کی تصدیق میں 17 روز کی توسیع کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 مئی کے بعد اس میں مّّزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
اس بات کا فیصلہ وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان کی سربراہی میں منگل کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیاگیا کہ 15 مئی گزرنے کے بعد اگر غیر تصدیق شدہ سم شدت پسندی کے کسی بھی واقعہ میں استعمال ہوئی تو اس کمپنی کے خلاف ضابطہ فوجداری قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ موبائل سموں کی مانیٹرنگ کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک دو کروڑ کے قریب موبائل سمیں بند کی جا چکی ہیں جبکہ سات کروڑ سے زائد سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کی جا چکی ہے۔
اس سے پہلے پی ٹی اے نے موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کو سموں کی بائیو میٹرک تصدیق کے لیے 12 اپریل تک کی مہلت دی تھی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی ایکشن پلان کے تحت سموں کی تصدیق کا عمل مکمل کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ملکی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا اور حکومت ہر وہ اقدام اٹھائے گی جو ملکی مفاد میں ہو۔
وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق ماضی میں ملک میں شدت پسندی کی زیادہ تر وارداتوں میں موبائل فون استعمال کیے گئے اور ان مقدمات کی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ان وارداتوں میں استعمال ہونے والی موبائل سم کسی ایسے شخص کے نام پر تھی جو یا تو مر چکا ہے یا پھر وہ ملک چھوڑ کر جا چکا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







