آئی ایم ای آئی کے بغیر موبائل فون کی درآمد پر پابندی

سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا ہے کہ انٹرنیشنل موبائل ایکوپمنٹ آئیڈنٹی یعنی آئی ایم ای آئی پر ایک روز میں ایک سے زائد سموں کا اجرا نہیں کیا جائے گا اور ایک ہی آئی ایم ای آئی پر پانچ سموں کا اجرا نہیں ہوگا۔
آئی ایم ای آئی رجسٹرڈ موبائل فون سیٹ میں موجود آلہ ہے جس کی مدد سے صارف کی کسی جگہ موجودگی کے مقام کی نشاندہی ہوسکتی ہے۔اگر آئی ایم ای آئی کو بلاک کر دیا جائے تو موبائل فون ناکارہ ہو جاتا ہے۔
<link type="page"><caption> فون سِم کی جلد تصدیق کرائیں: پولیس</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2009/11/091111_pes_sim_police.shtml" platform="highweb"/></link>
کراچی بد امنی کیس میں عدالت نے حکم جاری کیا کہ موبائل فون کمپنیاں ان تمام لوگوں کا پتہ لگائیں جن کے شناختی کارڈ پر دس سمیں جاری کی گئی ہیں۔ تصدیق کے وقت صارف سے خفیہ سوال پوچھے جائیں اور ان کے جوابات درست دینے کی صورت میں صارف سے ان کے نام پر جاری کیے گئے نمبرز کی تصدیق کی جائے۔
سپریم کورٹ نے کسٹم حکام کو ہدایت جاری کی کہ موبائل فون کے آئی ایم ای آئی نمبرز کے بغیر موبائل فون درآمد کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔
یاد رہے کہ ماضی میں پولیس کو یہ شکایت رہی کہ چین سے آنے والے کئی موبائل فونز پر ایک ہی آئی ایم ای آئی نمبر تحریر ہوتا ہے، جس وجہ سے جرائم پیشہ افراد کا پتہ لگانے یا چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل کی بازیابی کے لیے کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
عدالت نے موبائل سم جاری کرنے کا طریقہ کار تشکیل دینے کے لیے ایک ٹاسک فورس بنانے کی بھی منظوری دی، جس میں چاروں صوبائی حکومتوں، وفاقی حکومت، پولیس، ایف آئی اے، آئی بی، آئی ایس آئی اور ایم آئی کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ ٹاسک فورس تین ہفتوں میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
سپریم کورٹ نے بندرگاہوں پر کسٹم ڈیوٹی کی وصولی کی نگرانی کے لیے بھی کمیشن کے قیام کی منظوری دی جو عدلیہ، اقتصادی اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل ہوگا۔اس کا کام چھاپے مار کر ریکارڈ چیک کرنا ہوگا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوران سماعت چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اسمٰعیل شاہ سے سوال کیا کہ غیر تصدیق شدہ سموں کو فعال بنانے کی مشین کہاں سے آئی؟ جس پر ایڈیشنل آئی جی بلوچستان میر زبیر نے بتایا کہ یہ ڈیوائس ایئرپورٹ سے آئی ہوگی جہاں اس کو چیک نہیں کیا گیا ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی اے اسمٰعیل شاہ نے بتایا کہ یہ ڈیوائس پاکستان میں بھی بنائی جاسکتی ہے۔
ہتھیاروں کی برآمد کا معاملہ
کسٹم کی جانب سے گزشتہ تین برسوں میں درآمد کیے گئے ہتھیاروں کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سوال کیا کہ کراچی میں کتنا اسلحہ موجود ہے، اس کا کوئی سروے یا اندازہ ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل خالد جاوید نے بتایا کہ بے تحاشہ ہتھیار موجود ہیں لیکن ان کی تعداد کے بارے میں اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اتنے جدید اور خودکار ہتھیار تو شاید پاکستان کی فورسز کے پاس بھی نہیں جو ملزمان کے پاس ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ کون ہیں جو دن رات گاڑیوں میں اسلحے کے ساتھ دندناتے رہتے ہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے لےکر اب تک بڑی تبدیلی آئی ہے اس کو آئینی اور قانونی انقلاب کہہ سکتے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے انہیں کہا کہ آپ حکمت عملی بناتے رہے ہیں لیکن غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے دیں۔







