شمالی وزیرستان: بمباری میں 22 شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ

فوج کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کا 80 فیصد علاقہ شدت پسندوں سے صاف کر دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنفوج کا کہنا ہے کہ اس آپریشن کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کا 80 فیصد علاقہ شدت پسندوں سے صاف کر دیا گیا ہے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستانی فوجی نے وفاق کے زیر انتظام پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں فضائی حملوں میں 22 شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ فضائی حملے دتہ خیل کے علاقے میں کیے گئے۔

اس سے قبل ذرائع نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں آٹھ شدت پسند ہلاک جبکہ سات اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ رات گئے شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں پیش آیا۔

فوج کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں فضائی حملوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور اس کارروائی میں 22 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔

شمالی اور جنوبی وزیرستان کی سرحد پر سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں ہیں۔

ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے تحصیل مکین کے علاقے پش زیارت میں سکیورٹی فورسز کی کھجوری چیک پوسٹ پر 40 سے 45 راکٹ داغے اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی۔ اس حملے میں سات اہلکار زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق اس موقعے پر سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس میں آٹھ شدت پسند ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ تین شدت پسندوں کی لاشیں سکیورٹی فورسز نے تحویل میں لی ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز پہلے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں شدت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں شدت پسندوں کا ایک اہم کمانڈر ہلاک ہوا تھا اور نو شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

حال ہی میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی شروع ہو گئی ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنحال ہی میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی شروع ہو گئی ہے

ان شدت پسندوں کا تعلق حقانی نیٹ ورک سے اور ہلاک ہونے والے کمانڈر کا نام فاروق زدران بتایا گیا تھا۔

شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضرب عضب گذشتہ سال جون میں شروع کیا گیا تھا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق 1200 سے زیادہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن سے لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جو ان دنوں مختلف علاقوں میں آباد ہیں۔

فوج کے ترجمان کے مطابق آپریشن ضرب عضب میں شمالی وزیرستان کا 80 فیصد علاقہ شدت پسندوں سے صاف کیا جا چکا ہے۔ چند ہفتے پہلے شمالی وزیرستان کے ایک دو دیہاتوں میں متاثرین کو واپس بھیجا گیا لیکن اس کے بعد سے اب تک خاموشی ہے۔ اسی طرح جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن کے متاثرین کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔