شمالی وزیرستان کے متاثرین کی رجسٹریشن بدھ سے

شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بڑی تعداد ضلع بنوں میں کیمپوں میں مقیم ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنشمالی وزیرستان کے متاثرین کی بڑی تعداد ضلع بنوں میں کیمپوں میں مقیم ہے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان ایجنسی کے متاثرین کی واپسی کے لیے حکام کے مطابق رجسٹریشن کا عمل بدھ سے خیبر پختونخوا کے شہر بنوں کے کیمپ آفس میں شروع ہوگا جبکہ ان کی واپسی کے لیے 31 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے حکام نے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں تین دیہاتوں کے متاثرین کی واپسی ہوگی جن میں شپین وام کے علاقے شامیری، قبیلہ میرعلی سپین وام اور قبیلہ ششی خیل گوبلی شامل ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق دیگر علاقوں کے متاثرین کی واپسی کا اعلان وقتاً فوقتاً کیا جائے گا اور اس کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔

مذکورہ تین دیہات کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بدھ کو بنوں میں واقع کیمپ آفس میں رجسٹریشن کے لیے پہنچ جائیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ متاثرین کے ہمراہ ان علاقوںں کے قبائلی رہنماؤں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ کیمپ آفس میں پولیٹکل انتظامیہ سے رجوع کریں۔

شمالی وزیرستان کے قبائلی رہنماؤں نے پیر کو پشاور میں فاٹا سیکریٹیریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور فاٹا حکام سے کہا تھا کہ متاثرین کی واپسی کو یقینی بنانے کے علاوہ واپسی کے سلسلے میں ان کے تحفظات دور کیے جائیں۔

 تین دیہات کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بدھ کو بنوں میں واقع کیمپ آفس میں رجسٹریشن کے لیے پہنچ جائیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن تین دیہات کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بدھ کو بنوں میں واقع کیمپ آفس میں رجسٹریشن کے لیے پہنچ جائیں۔

اس سے قبل قبائلی رہنماؤں نے چند روز پہلے بنوں میں ایک گرینڈ جرگے میں کہا تھا کہ کہ اگر متاثرین شمالی وزیرستان کی واپسی کو جلد یقینی نہ بنایا گیا تو وہ خود وزیرستان کی جانب روانہ ہو جائیں گے۔

شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضرب عضب گزشتہ سال جون میں شروع کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہو کر مختلف علاقوں میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئے تھے۔

ان متاثرین کی بڑی تعداد ضلع بنوں میں کیمپوں میں مقیم ہے۔ ان متاثرین کے لیے واپسی کے اعلانات پہلے بھی کیے گئے تھے لیکن ان پر عمل نہیں ہو سکا تھا۔

اس سے پہلے جنوبی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی پیر سے شروع ہو چکی ہے اور گزشتہ روز سروکئی کے تین دیہاتوں کی جانب لوگ واپس گئے ہیں۔