’کراچی کے بغیر نئے پاکستان کا خواب نامکمل‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کے بغیر اُن کا نئے پاکستان کا خواب مکمل نہیں ہو سکتا ہے اور عوام اپنی تقدیر بدلنے کا فیصلہ کرکے نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں۔
کراچی میں اتوار کی شب شاہراہ لیاقت پر حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات کے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی اسبملی کی میں مزید ایک اور نشست ملنے سے انھیں کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ وہ اس لیے یہاں آئے ہیں کہ نئے پاکستان کا خواب نئے کراچی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی کرسی کے لیے انھیں کراچی کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد انتخابات ہوں گے اور تحریک انصاف پنجاب اور خیبر پختون خواہ میں کامیابی حاصل کرلے گی۔
یاد رہے کہ شاہراہ لیاقت سے دو کلومیٹر دور جناح گراونڈ میں اعلانیہ جلسہ تحریک انصاف کی قیادت نے یہ کہہ کر موخر کردیا تھا کہ یہ جگہ جلسے کے لیے کم پڑ جائے گی لیکن عائشہ منزل کے قریب تحریک انصاف غیر معمولی ہمدروں اور کارکنوں کو اکٹھا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ۔
عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہ جب بھی کراچی آتے ہیں تو انھیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آیت الکرسی پڑھ کر جائیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ شہر ملک کے سب سے زیادہ پڑھے لکھے لوگوں کا شہر تھا لیکن انھیں مہاجر سیاست میں الجھا دیا گیا۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے ایک بار پھر اپنا خاندانی پس منظر بیان کیا اور بتایا کہ ان کی والدہ کا خاندان 1947 سے ہجرت کر کے آیا جبکہ والد کا خاندان پہلے سے میانوالی میں بسا ہوا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ والدہ کی طرف سے مہاجر جبکہ والد کی جانب سے پٹھان ہیں لیکن وہ پہلے پاکستانی بعد میں پٹھان یا سرائیکی ہیں۔
عمران خان نے لوگوں کو مخاطب ہوکر کہا کہ اگر آپ کوشش نہیں کریں گے تو تبدیلی نہیں آئے گی اور جب تک سیاسی جماعتوں کے مسلح گروہ ختم نہیں ہوتے، شہر میں امن نہیں آ سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

مجلس وحدت مسلمین نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
عمران خان نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسمائیلی، میمن کمیونٹی اور اردو بولنے والوں سے اپیل کی کہ وہ 23 اپریل کو تحریک انصاف کی حمایت کریں۔
جلسے میں عمران خان کی آمد سے چند لمحے قبل بجلی بند ہو گئی جبکہ جنریٹر نے بھی فیل ہوگئے۔ آدھے گھنٹے کے بعد بجلی اور ساونڈ کا نظام بحال کیا گیا۔تحریک انصاف کے کچھ رہنماؤں نے اس کو ایم کیو ایم تو بعض نے حکومت سندھ کی سازش قرار دیا۔
تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کراچی ناامیدی میں امید کا دیا جلاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ جب پورا پاکستان ایوب خان کی جھولی میں گر گیا تھا تو کراچی نے فاطمہ جناح کا ساتھ دیا۔
شاہ محمود قریشی کے مطابق کراچی پیاسا ترس رہا تھا، جب اس کو عمران ملا تو اس نے انگڑائی لی اور تبدیلی آگئی۔
تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ بار بار عزیز آباد جاؤں گا ڈروں گا نہیں۔ ایم کیو ایم کہتی ہے کہ وہ غریبوں کی پارٹی ہے لیکن بابر غوری نے پبلک پارک پر شادی ہال بنائے ہیں، اب باہر بھاگ گیا ہے۔
عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم سے سوال کیا کہ مہاجروں سے وعدہ کیا گیا تھا کہ کوٹہ نظام ختم کیا جائے گا،تمام بہاری واپس آئیں گے اور لینڈ مافیہ ختم ہوگئی کیا، ایسا ہوا؟







