عزیز آباد میں تحریک انصاف کی ریلی پر نامعلوم افراد کا حملہ

- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو کے قریب تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کی ریلی پر نامعلوم نوجوانوں نے حملہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایم کیو ایم کے کارکن تھے جبکہ ایم کیو ایم نے اس کو اہل محلہ کا ردعمل قرار دیا ہے۔
عزیز آباد کے قومی اسمبلی کے حلقے 246 سے تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل منگل کی دوپہر گاڑیوں کے قافلے کے ساتھ جناح گراونڈ پہنچے اور وہاں نوجوانوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔ اسی دوران ڈنڈوں سے مسلح نوجوانوں نے ان کی گاڑیوں پر حملہ کردیا۔
حملے میں عمران اسماعیل کی سفید لینڈ کروزر کے عقبی شیشے سمیت متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور دونوں اطراف کے نوجوانوں نے شدید نعرے بازی بھی کی۔
عمران اسماعیل نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ان کی ریلی پر حملہ کیا جس میں تحریک انصاف کے کارکن زخمی ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کہ اس نشست سے اسمبلی میں تحریک انصاف پر کوئی فرق نہیں پڑے گا لیکن یہ ایک علامتی نشست ہے اور یہاں پر کامیابی سے خوف کا ماحول ٹوٹے گا، وہ خوف کے بت توڑنے گئے تھے اور آئندہ بھی جاتے رہیں۔
عمران اسماعیل کے مطابق ایم کیو ایم اگر یہ چاہتی ہے کہ تحریک انصاف الیکشن سے بھاگ جائے یا خوف کی وجہ سے اپنی انتخابی مہم آہستہ کردے تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ نہتے گئے تھے اور آئندہ بھی نہتے جائیں گے۔
عزیز آباد کا حلقہ این اے 246 متحدہ قومی موومنٹ کا مضبوط علاقہ تصور کیا جاتا ہے جہاں تنظیم کے سربراہ الطاف حسین کا گھر اور مرکزی دفتر واقع ہے عام انتخابات میں اس نشست پر ایم کیو ایم کی جانب سے نبیل گبول کامیاب ہوئے تھے جو اب مستعفی ہوگئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے الطاف حسین کی تصاویر پھاڑیں اور شہدا یادگار کی بے حرمتی کی۔

،تصویر کا ذریعہAP
حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ جناح گراونڈ تک کوئی رکاوٹ یا مزاحمت نہیں تھی تحریک انصاف کی قیادت اور رکن گاڑیاں پارک کر کے جناح گراونڈ میں داخل ہوئے، جہاں نوجوان کرکٹ کھیل رہے تھے اور وہ وہاں کرکیٹ کھیلنے لگ گئے جو میڈیا نے بھی دکھایا۔
انھوں نے کہا کہ ’عمران اسمائیل کے پیچھے ان کے کارکن اور عناصر نے جناح گراونڈ کے اطراف میں الطاف حسین کی لگی ہوئی تصاویر اور پینا فلیکس پھاڑ دیے اور شہدا کی یادگار پر توڑ پھوڑ کی۔
حیدر عباس کے مطابق بڑے تعداد میں اہل محلہ وہاں جمع ہوگئے اور انہوں نے ردعمل کا اظہار کیا جو کوئی تعجب کی بات نہیں ہے، کیونکہ وہ وہاں ہی پیدا ہوئے ہیں اور الطاف حسین سے محبت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حلقہ گزشتہ 35 برسوں سے الطاف حسین کے چاہنے والوں کا حلقہ رہا ہے اور ایم کیوایم کو یہاں پر انتخابات سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اس ضمنی انتخابات میں بھی ایم کیو ایم اور الطاف حسین کے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل کامیاب ہوں گے۔
ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ ضمنی انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کیا جائے کیونکہ تحریک انصاف طاقت و دھونس کے ذریعے انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 19 اپریل کو جناح گراونڈ میں ایک جلسہ عام کا اعلان کر رکھا ہے اور عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہر صورت میں یہ جلسہ منعقد کیا جائے گا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے واقعے کو افسوس ناک قرار دیا ہے اور کہا کہ ایڈیشنل آئی جی پولیس نے تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ کیا ہے اور کہا کہ اگر وہ چاہیں تو ایف آئی آر درج کرا سکتے ہیں۔







