بھارتی سیکریٹری خارجہ تین مارچ کو پاکستان آئیں گے

بھارت نے گذشتہ برس اگست میں پاکستان سے سیکریٹری سطح کے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنبھارت نے گذشتہ برس اگست میں پاکستان سے سیکریٹری سطح کے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر اپنے پاکستانی ہم منصب سے بات چیت کے لیے تین مارچ کو دو روزہ دورے پر پاکستان آئیں گے۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کی جانب سے بدھ کی صبح جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ 13 فروری کو پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی ٹیلیفونک بات چیت میں طے پایا تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ایس جے شنکر پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری سے ملاقات کریں گے تاہم بیان میں ملاقات کے ایجنڈے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

خیال رہے کہ نریندر مودی سے بات چیت کے بعد پاکستانی وزیرِاعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ اس میں باہمی دلچسپی کے تمام امور پر گفتگو کی جائے گی۔

بھارت نے گذشتہ برس دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کی کشمیری حریت رہنماؤں سے ملاقات کو جواز بنا کر پاکستان سے سیکریٹری سطح کے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دفترِ خارجہ کی ترجمان نے ملاقات کے ایجنڈے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشندفترِ خارجہ کی ترجمان نے ملاقات کے ایجنڈے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کو شدید دھچکہ لگا تھا تاہم بات چیت کا یہ عمل اب بحال ہونے والا ہے۔

بھارت میں قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں تلخی بڑھی ہے۔

اگرچہ بے جی پی کے رہنما نریندر مودی کے وزارتِ عظمیٰ کا حلف لینے کی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف نے خصوصی طور پر شرکت کی تھی لیکن بات آگے نہیں بڑھ سکی۔

گذشتہ برس دونوں ممالک کے درمیان لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جھڑپوں کے متعدد واقعات پیش آئے جس کی وجہ سے کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تھا۔