ساحلی شہر گوادر میں فائرنگ سے مقامی رہنما ہلاک

،تصویر کا ذریعہbbc
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں فائرنگ کے واقعے میں یونین کونسل کا ایک نومنتخب چیئرمین ہلاک ہو گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق منگل کی شب گوادر شہر کے علاقے نیوٹاؤن میں نامعلوم افراد نے نومنتخب چیئرمین یونین کونسل ناصر حسین پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ناصر حسین زخمی ہو گئے اور انھیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
گوادر میں ایک دن پہلے پیر کو بھی نامعلوم افراد نے واپڈا کے ایک اہلکار کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔
اس کے علاوہ پیر کو گوادر کے علاقے پسنی میں ڈیم تعمیر کرنے والے چھ ملازمین کو اغوا کر لیا گیا تھا۔
اغوا کیے جانے والے ملازمین میں دو انجینیئر اور دو سپروائزر شامل ہیں۔
گیس پائپ لائن تباہ

،تصویر کا ذریعہAFP
منگل کو ڈیرہ بگٹی میں ایک اور گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا۔
لیویز فورس کے مطابق نامعلوم افراد نے پیر کوہ سے سوئی پلانٹ کو جانے والی 18انچ قطر گیس پائپ لائن کو ٹلی مٹ کے علاقے میں دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دھماکے کے نتیجے میں گیس پائپ لائن کے کچھ حصوں کو نقصان پہنچا ہے اور اس کی وجہ سے پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہو گئی۔
پسنی میں ملازمین کے اغوا اور گیس پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی ذمہ داری غیر قانونی عسکریت پسند تنظیم بلوچ رپبلیکن آرمی نے قبول کی ہے۔







