فاٹا کی بحالی تک قبائلیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے: آرمی چیف

افغان نیشنل آرمی کی کارروائیوں سے سرحد پار دہشت گردی کا پتہ لگانے میں مدد ملے گی

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنافغان نیشنل آرمی کی کارروائیوں سے سرحد پار دہشت گردی کا پتہ لگانے میں مدد ملے گی

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں کی مکمل بحالی تک انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات قبائلی علاقے مہمند انجنسی کے دورے کے موقع پر کہی۔

اس موقع پر انھیں علاقے کی صورتحال اور وہاں آرمی انجینئیرز کی جانب سے جاری ترقی کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جنرل راحیل شریف نے فاٹا سے دہشت گردوں کے خاتمے تک اور بعد میں جامع اور مربوط انداز میں فاٹا کی تعمیر نو اور بحالی پر زور دیا۔

ساتھ ہی ساتھ انھوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ان منصوبوں پر عمل درآمد اورنوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے سے طویل عرصے تک ان علاقوں سے شدت پسندی کا خاتمہ ہو جائے گا۔

فوجی افسران اور جوانوں سے خطاب میں انھوں نے شدت پسندوں کو علاقے سے نکالنے میں قبائیلوں کے کردار کو بھی سراہا۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ’قبائلی علاقوں کی مکمل بحالی تک انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔‘

انھوں نے مہمند ایجنسی اور باجوڑ ایجنسی سے جڑے افغان علاقوں میں افغانستان کی نیشنل آرمی کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کو سراہا۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں سرحد پار ہونے والی دہشت گردی کا پتہ لگانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر انھوں نے دو طرفہ سرحدی تعاون کو بڑھانے پر بھی زور دیا۔