’پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹیجک تعاون ضروری ہے‘

بری فوج کے سربراہ امریکا اور برطانیہ کے اہم دوروں میں پاکستان کی فوج کی جانب سے جاری آپریشن پر ان ممالک کے اعلی حکام کو آگاہ کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہISPR

،تصویر کا کیپشنبری فوج کے سربراہ امریکا اور برطانیہ کے اہم دوروں میں پاکستان کی فوج کی جانب سے جاری آپریشن پر ان ممالک کے اعلی حکام کو آگاہ کر چکے ہیں

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اتوار کو بیجنگ میں چین کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل فان سے ملاقات کی ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستانی فوج کے تعلقاتِ عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل فان نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کی تعریف کی اور اسے دہشت گردوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی قرار دیا۔

جنرل فان نے دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاق رائے اور اس خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔

انھوں نے جنرل راحیل شریف کو اس مشن میں چین کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل فان نے کہا کہ پاکستان اور چین اہم قریبی ملک ہیں اور دونوں کے درمیان مضبوط تعلقات اور سٹریٹیجک تعاون ضروری ہے۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستانی فوج قوم کی حمایت سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پر عزم ہے اور اس مقصد کو پورا کرنے کی خطر کسی بھی حد تک جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل آرمی چیف امریکا اور برطانیہ کے اہم دوروں میں پاکستان کی فوج کی جانب سے جاری آپریشن پر ان ممالک کے اعلی حکام کو آگاہ کر چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چین کے دو روزہ دورے کے دوران بری فوج کے سربراہ چین کی سیاسی اور عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔