’دہشت گردی کے خلاف پاکستانی فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہیں‘

،تصویر کا ذریعہISPR
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے اتوار کو ملاقات کے دوران دہشت گردی سے نمٹنے کے پاکستان کے عہد کا اعتراف کیا ہے۔
واضح رہے کہ بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اتوار کو امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے ملاقات کی۔
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق ’دونوں نے باہمی دلچسپی کے بہت سے معاملات پر تبادلۂ خیال کیا جن میں جاری علاقائی امن و سلامتی کی کوششوں پر بھی بات چیت شامل تھی۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’وزیر خارجہ پاکستان میں سکیورٹی حالات کی بہتری میں پاکستانی فوج کے ذریعے دی جانے والی زبردست قربانیوں کا اعتراف کیا اس کے ساتھ انھوں نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کی تمام تر شکلوں سے نمٹنے کے متعلق پاکستان کے عہد کا بھی اعتراف کیا۔‘
امریکی وزارت خارجہ نے پیر کو کہا کہ اس ہفتے کے آخر میں افغانستان کے متعلق ہونے والی لندن کانفرنس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف سے اجلاس کی سائڈلائنز پر بات چیت کریں گے۔

،تصویر کا ذریعہAsimBajwaISPR
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے یومیہ بریفنگ کے دوران کہا کہ ’ان کے علاوہ وہ افغانستان کے صدر اشرف غنی اور چیف ايگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے بھی اجلاس کے سائڈلائنز پر بات چیت کریں گے۔‘
جان کیری جمعرات کو افغانستان کی صورت حال پر اظہارِ خیال کے لیے لندن روانہ ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اس کانفرنس میں حکومت افغانستان اصلاحات کے لیے اپنا ویژن پیش کرے گي تاکہ اسے بین الاقوامی برادری کا تعاون حاصل رہے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ کا یہ امریکہ کا پہلا سرکاری دورہ تھا جس میں انھوں نے جان کیری کے علاوہ اعلیٰ عسکری اور سیاسی حکام سے ملاقاتیں کیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ اس سے قبل اتوار کو اس ملاقات کے بعد پاکستانی فوج کےشعبۂ تلعقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ جان کیری نے پاکستانی فوج کے سربراہ راحیل شریف سے واشنگٹن میں ملاقات کے دوران پاکستانی فوج کو ’بائنڈنگ فورس‘ یعنی یکجا رکھنے والی قوت قرار دیا ہے۔
عاصم باجوہ کے مطابق جنرل راحیل شریف نے جان کیری کو خطے کی صورتِ حال پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی سلامتی کے لیے مثبت قدم قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جان کیری نے پاکستان کو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری لانے کی یقین دہانی کرائی۔







