ممتاز قادری کی سزائے موت کے خلاف درخواست کی سماعت آج

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل میں موت کی سزا پانے والے مجرم ممتاز قادری کی جانب سے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے دی جانے والی سزائے موت کے خلاف درخواست کی سماعت آج ہو گی۔
یہ سماعت جسٹس نورالحق قریشی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ کرے گا۔
یہ درخواست مجرم نے انسداد دہشت کی عدالت کے فیصلے کے خلاف دائر کی ہے جس میں عدالت نے اُنھیں موت کی سزا سُنائی تھی۔
مجرم ممتاز قادری کی درخواست کی سماعت تین سال کے بعد ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج پرویز علی شاہ نے یکم اکتوبر کو ممتاز قادری کو سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے الزام میں دو مرتبہ سزائے موت اور ورثاء کو دو لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کی سزا سنائی تھی۔
گیارہ اکتوبر 2011 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نےمجرم کی درخواست پر سزائے موت پر عمل درآمد روک دیا تھا جس کے خلاف وفاق نے ابھی تک عدالت عالیہ میں درخواست دائر نہیں کی۔
اس درخواست میں ممتاز قادری کی پیروی لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس خواجہ محمد شریف نے کی تھی۔
ممتاز قادری کا تعلق پنجاب پولیس کی ایلیٹ فورس سے تھا اور وہ سلمان تاثیر کی ذاتی سکیورٹی پر تعینات تھے۔ چار جنوری 2011 میں مجرم نے گورنر پنجاب کو مبینہ طور پر توہین رسالت کے قانون کے خلاف بات کرنے پر قتل کردیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اُدھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اس درخواست کی سماعت کے موقع پر مناسب حفاظتی اقدامات کریں اور کسی بھی غیر متعقلہ شخص کو عدالت کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔







