پاکستان نے 38 بھارتی ماہی گیر گرفتار کر لیے

،تصویر کا ذریعہ
پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے 38 بھارتی ماہگیروں کو گرفتار کر لیا ہے، جو رواں سال کی پہلی گرفتاریاں ہیں۔
ایس ایس پی جاوید جسکانی کا کہنا ہے کہ میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے ماہی گیروں کو بدھ کے روز حراست میں لیا تھا جنھیں آج پولیس کے حوالے کیا گیا۔ انھیں مقامی مجسٹریٹ کے پاس پیش کیا جائے گا جس کے بعد انھیں جیل روانہ کر دیا جائے گا۔
ان ماہی گیروں پر پاکستان کی حدود میں بغیر اجازت داخل ہونے اور مچھلی کے غیر قانونی شکار کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے ماہی گیروں کی گرفتاریاں عام معمول ہیں۔ سمندری حدود کا تعین نہ ہونے اور ماہی گیروں کی کشتیوں میں جدید آلات کے فقدان کی وجہ سے ماہی گیروں کو گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
دونوں ممالک کے ماہی گیر سزائیں مکمل ہونے کے بعد بھی اس وقت تک رہائی حاصل نہیں کرتے جب تک دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات بہتر ہوں اور جذبہ خیر سگالی کے اظہار کے طور پر انھیں آزادی کا پروانہ نہیں مل جاتا۔



