بھارت نے37 پاکستانی قیدی رہا کر دیے

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان کے دفتر خارجہ کے مطابق بھارت نے پاکستان کے37 قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق رہا ہونے والے قیدیوں میں 32 ماہی گیر اور 5 عام شہری شامل ہیں۔
رہا کیے جانے والے قیدیوں کو جمعے کے روز لاہور کے قریب پاک بھارت سرحدی مقام واہگہ پر رینجرز حکام کے حوالے کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اب بھی بھارت کی جیلوں میں 136 ماہی گیروں سمیت 348 افراد قید ہیں اور ان میں سے 25 عام شہری اپنی سزا پوری کرنے کے بعد رہائی کے منتظر ہیں۔
اس سے پہلے گذشتہ اتوار کو پاکستان کے وزیرِاعظم نواز شریف کے دورۂ بھارت سے ایک دن قبل پاکستان نے 151 بھارتی قیدیوں کو رہا کیا تھا۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ بھارتی قیدی ماہی گیر تھے جو حیدر آباد اور کراچی کی جیلوں میں قید تھے۔پی ٹی وی کے مطابق ان قیدیوں کو ان کی 57 کشتیاں بھی لوٹائی جائیں گی۔ پاکستان کی طرف سے اس امید کا اظہار بھی کیا گیا تھا کہ بھارت اس جذبۂ خیرسگالی کا جواب مثبت انداز میں دے گا۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں جب بھی بہتری کی کوششوں کا آغاز ہوتا ہے تو اس موقع پر اکثر دونوں جانب سے ماہی گیروں کو رہا کیا جاتا ہے۔



