بھارت نے چار پاکستانی قیدی رہا کر دیے

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارت میں قید چار پاکستانی شہری رہائی پانے کے بعد واہگہ کے راستے واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔
رہائی پانے والوں میں تین عام شہری اور ایک ماہی گیر شامل ہے۔
بی بی سی کی نامہ نگار شمائلہ جعفری کے مطابق بھارت اور پاکستان کے درمیان قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ کئی ماہ کے تعطل کے بعد گذشتہ ہفتے دوبارہ شروع ہوا تھا۔
پاکستان نےگذشہ ہفتے 40 بھارتی قیدی رہا کیے تھے جن میں 35 ماہی گیر اور پانچ عام شہری شامل ہیں۔
قیدیوں کا یہ تبادلہ کٹھمنڈو میں حال ہی میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس میں پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کے مصافحے کے بعد عمل میں آیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت میں تعلقات معمول پر آنے کے بعد جذبۂ خیر سگالی کے طور پر ان ماہی گیروں کو رہا کیا جاتا رہا ہے۔
رواں برس مئی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برادری کی تقریب میں شرکت کے لیے بھارت جانے سے پہلے بھی نوازشریف نے 151 بھارتی قیدیوں اور پاکستان کے قبضے میں موجود ان کی کشتیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا۔
تاہم اس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات میں تعطل اور سیاسی تناؤ میں اضافے کے بعد قیدیوں کی رہائی بھی عمل میں نہیں آ سکی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اب مبصرین قیدیوں کی رہائی کو خطے کے امن کے لیے خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔







