فیصل آباد میں پولیو ٹیم پر حملہ، ایک رضاکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
- مصنف, ذیشان حیدر
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیم پر نامعلوم افراد کی فائرنگ میں ایک رضا کار ہلاک ہو گیا ہے۔
پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ فیصل آباد کے علاقے پیپلز کالونی نمبر 1 میں منگل کی صبح پیش آیا۔
پولیس کے مطابق بلال ٹاؤن کے رہائشی محمد سرفراز رحمانیہ ہائی سکول میں استاد تھے۔
پولیس کے بقول محمد سرفراز پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے والی ٹیم کے ہمراہ جب پیپلز کالونی نمبر 1 میں رحمانیہ مسجد کے قریب پہنچے تو موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے محمد سرفراز زخمی ہوئے۔ ان کو ڈی ایچ کیو منتقل کیا گیا جہاں وہ چل بسے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں پولیو کی ٹیم پر حملے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ حکومتِ پنجاب نے پیر سے تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا تھا۔
اس مہم میں مجموعی طور پر 35204 موبائل ٹیمیں پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکومتِ پنجاب کے مطابق صوبے کے داخلی اور خارجہ راستوں پر بھی 2200 ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ دسمبر سنہ 2012 سے اب تک پاکستان میں پولیو کارکنوں پر حملوں میں 65 سے زیادہ رضاکار اور سکیورٹی اہلکار مارے جا چکے ہیں۔
اس سال پاکستان میں اب تک پولیو کے 260 سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں، جو کہ گذشتہ 15 برس میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔







