ہنگو میں بھی گن شپ ہیلی کاپٹروں سے کارروائی، چھ شدت پسند ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے مشتبہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی ہے جس میں کم سے کم چھ شدت پسندوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔
عسکری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی سنیچر کی صبح ضلع ہنگو کی تحصیل ٹل میں میں دو مختلف مقامات پر کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ ہنگو اور اورکزئی ایجنسی کے سرحدی علاقے تورہ اوڑی میں واقع شدت پسندوں کے ایک مرکز میں کسی بڑی کاورائی کی تیاری ہو رہی ہے جس پر ان کے ٹھکانے کو گن شپ ہیلی کاپٹروں سے نشانہ بنایا گیا۔
عسکری ذرائع نے مذید بتایا کہ ٹل کے علاقے درسمند میں بھی عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق دونوں کارروائیوں میں کم سے کم چھ شدت پسند مارے گئے ہیں جن میں بعض اہم کما نڈر بھی شامل ہیں تاہم ابھی تک مرنے والے کسی کمانڈر کا نام سامنے نہیں آیا ہے۔
دوابہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او خان اللہ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ علاقے میں بدستور گن شپ ہیلی کاپٹروں کی جانب سے شلیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ تورہ اوڑی کے علاقے میں شدت پسند کمانڈر گل زمان کے مکان کو نشانہ بنایا گیا ہے جو پولیس کو مختلف جرائم میں مطلوب تھے۔
ایس ایچ او نے کہا کہ علاقے کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لیا ہوا ہے جہاں پولیس کو جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
خیال رہے کہ ہنگو کا علاقہ تورہ اوڑی قبائلی علاقے اورکزئی اور کرم ایجنسی کے سنگم پر واقع ہے۔ یہاں کچھ علاقے بندوبستی علاقوں میں شامل ہیں لیکن جرائم پیشہ اور شدت پسند عناصر کے مراکز ہونے کی وجہ سے یہ مقامات پولیس کے لیے ’ نوگو ایریا‘ سمجھے جاتے ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ تازہ کارروائی ایسے وقت کی گئی ہے جب حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل تعطل کا شکار ہے اور فریقین ایک دوسرے پر جنگ بندی کےلیے دباؤ بڑھا رہے ہیں۔







