مشرف پر مقدمہ فوجی نہیں، خصوصی عدالت میں چلے گا: عدالت

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی ایک خصوصی عدالت نے ملک کے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کو فوجی عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ ان کے خلاف مقدمہ فوجی عدالت میں نہیں، خصوصی عدالت ہی میں چلے گا۔
عدالت نے پرویز مشرف کی طرف سے اپنے خلاف مقدمے کو فوجی عدالت میں منتقل کرنے کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی عدالت کو مشرف کے خلاف مقدمہ سننے کا اختیار حاصل ہے۔
<link type="page"><caption> ’مسٹر مشرف آپ کھڑے ہو جائیں!‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2014/02/140218_musharraf_trial_colour_piece_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
عدالت نے یہ فیصلہ جمعے کو پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کے دوران سنایا۔ عدالت نے پرویز مشرف کو 11 مارچ کو طلب کیا ہے اور امکان ہے کہ اس دن سماعت کے دوران ان پر فردِ جرم بھی عائد کی جائے۔
خصوصی عدالت کے تین رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ پرویز مشرف سنہ 2007 میں فوج سے ریٹائر ہو چکے تھے اس لیے ان پر آرمی ایکٹ کا اطلاق نہیں ہوتا۔
عدالت نے کہا کہ پرویز مشرف کے وکلا نے جس آرمی ایکٹ کا حوالہ دیا ہے وہ سنہ 1981 میں کالعدم ہو چکا ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ ججوں کے متعصب ہونے اور غداری کے مقدمے کے لیے چیف پراسیکیوٹر کی تعیناتی کے حوالے سے درخواستوں پر بھی جلد ہی فیصلہ سنایا جائے گا۔
پرویز مشرف کے وکلا نے عدالتی فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’کالا فیصلہ‘ قرار دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ منگل کو گذشتہ سماعت کے موقع پر پرویز مشرف کے وکلا نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ خصوصی عدالت کے دائرۂ کار اور مقدمے کی فوجی عدالت میں منتقلی کی درخواستوں پر فیصلے تک ملزم پر غداری کے مقدمے میں فردِ جرم عائد نہ کرے۔
اب امکان ہے کہ پرویز مشرف پر 11 مارچ کو ہونے والی سماعت کے دوران فردِ جرم عائد کی جائے گی۔







