حکومتی ٹیم کا طالبان کی کمیٹی سے وضاحتیں طلب

طالبان کی مذاکراتی وفد کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شرکت کی اور نہ ہی جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما مفتی کفایت اللہ نے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنطالبان کی مذاکراتی وفد کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شرکت کی اور نہ ہی جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما مفتی کفایت اللہ نے

حکومتِ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے لیے بنائی گئی کمیٹی نے طالبان کی نمائندہ کمیٹی کے ساتھ باضابطہ مذاکرات شروع کرنے سے پہلے کچھ وضاحتیں طلب کی ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان آج متوقع ملاقات ملتوی ہو گئی ہے۔

بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور سینئیر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی نے بتایا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیرِاعظم ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ طالبان کی کمیٹی سے کچھ وضاحتیں مطلوب ہیں جن کے بعد ہی مذاکراتی عمل فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ حکومتی کمیٹی جاننا چاہتی ہے کہ کیا مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کی جانب سے انکار کے بعد طالبان کسی اور کو بطور رکن نامزد کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے قبل ہمارے لیے یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ طالبان کی نو رکنی نگران کمیٹی کس طرح کام کرے گی، طالبان کی مذاکراتی کمیٹی اور طالبان کی نگران کمیٹی کے درمیان کیا روابط ہوں گے اور کیا طالبان کی نگران کمیٹی حکومت کی مذاکراتی کمیٹی سے بات کرے گی یا نہیں۔

رحمیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ حکومتی کی مذاکراتی کمیٹی نے یہ وضاحت بھی طلب کی ہے کہ ’طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کتنی باختیار ہے، اس کے پاس کیا مینڈیٹ ہےاور کیا یہ بڑے فیصلے کر سکتی ہے؟‘

انھوں نے کہا کہ یہ تمام وضاحتیں مل جائیں تو طالبان اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹیاں مل کر بیٹھیں گی ورنہ ملنا لاحاصل ہی ہو گا۔

<link type="page"><caption> ’حکومتی کمیٹی کو تو اختیار حاصل ہے، طالبان وفد کتنا بااختیار ہے؟‘</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2014/02/140202_taliban_dialogue_names_announced_rh.shtml" platform="highweb"/></link>

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور جمعیت علمائے اسلام نے طالبان کے وفد کا حصہ بننے سے انکار کیا ہے۔

اس سے پہلے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رابطہ کار عرفان صدیقی نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ حکومتی اور طالبان کی مذاکراتی ٹیموں کی پہلی ملاقات اسلام آباد میں منگل کو دوپہر دو بجے ہو گی۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے بتایا تھا کہ طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے رکن اور جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے ان سے فون پر رابطہ کیا ہے۔

’مولانا سمیع الحق نے مجھے ٹیلی فون کیا اور نیک خواہشات کے ساتھ کہا کہ ہم آپ سے ملنے کے لیے آنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے مشاورت کے لیے وقت مانگا اور دوبارہ فون کر کے دو بجے ملنے کی تجویز دی۔‘

مولانا سمیع الحق کے ہمراہ طالبان کی جانب سے نامزد کیے گئے دیگر افراد کون ہوں گے؟ اس سوال پر عرفان صدیقی نے کہا تھا کہ حکومتی ٹیم کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ طالبان کی جانب سے کون سی کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے یا اس کی توسیع کی جاتی ہے۔

’مولانا سمیع الحق نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی جانب سے کون آ رہا ہے۔‘

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے بتایا کہ میڈیا کو مذاکراتی عمل کے بارے میں آگاہ کرنے کا طریقہ کار دونوں ٹیمیں مشاورت سے طے کریں گی۔

طالبان نے کوئی شرط نہیں رکھی

مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ طالبان نے مذاکرات کے لیے کوئی شرط نہیں رکھی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنمولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ طالبان نے مذاکرات کے لیے کوئی شرط نہیں رکھی

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مذاکراتی ٹیم میں شامل جمیعت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ طالبان نے مذاکرات کے لیے کوئی شرط نہیں رکھی۔

انھوں نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کے ساتھ بات چیت کے بعد مذاکرات کے طریقۂ کار اور مقام کو حتمی شکل دی جائے گی۔

وہ اسلام آباد میں کمیٹی کے ارکان پروفیسر محمد ابراہیم اور مولانا عبدالعزیز کے ہمراہ صحافیوں سے باتیں کر رہے تھے۔

تاہم اس اجلاس میں نہ تو پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے شرکت کی اور نہ ہی جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی رہنما مفتی کفایت اللہ نے شرکت کی۔

انھوں نے کہا کہ ہم مذاکرات کا عمل آگے بڑھانے کے لیے حکومتی کمیٹی سے ملاقات کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس عمل کو جلد مکمل کرنے کے لیے ہر کوشش کی جائے گی تاہم اس وقت نظام الاوقات دینا ممکن نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری کمیٹی کا اجلاس کل یا ایک دن بعد ہو گا۔

’طالبان کی مذاکراتی ٹیم میں شامل نہیں‘

مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مذاکرات کے حوالے سے ان کی جماعت سے کوئی مشاورت نہیں کی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنمولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مذاکرات کے حوالے سے ان کی جماعت سے کوئی مشاورت نہیں کی

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مذاکرات کے حوالے سے ان کی جماعت سے کوئی مشاورت نہیں کی اور ان کی جماعت طالبان کی مذاکراتی ٹیم میں شامل نہیں ہو گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا مذاکراتی عمل سے کوئی تعلق نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مذاکرات میں مدد مانگی تو وہ تعاون کریں گے تاہم مفتی کفایت اللہ جے یو آئی کا حصہ ہیں اس لیے وہ مذاکراتی کمیٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔

’مفتی کفایت اللہ پارٹی کا فیصلہ ماننے کے پابند ہیں طالبان کی کمیٹی کا حصہ نہیں بنیں گے۔‘

انھوں نے کہا کہ طالبان خود ایک تنظیم ہیں انھیں اپنے تنظیمی ڈھانچے میں سے کسی کو منتخب کرنا چاہیے، اور اس سلسلے میں ’کچھ کنفیوژن نظر آتی ہے۔‘

عمران کا انکار

پی ٹی آئی کے بیان کے بیان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں ہر ممکن مدد فراہم کرے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنپی ٹی آئی کے بیان کے بیان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں ہر ممکن مدد فراہم کرے

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے طالبان کی مذاکراتی ٹیم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے تاہم مذاکراتی عمل کے لیے پانچ رہنما اصول وضع کیے ہیں۔

تحریک انصاف کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری بیان میں طالبان کی جانب سے عمران خان کا نام طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں شامل کیے جانے پر کہا گیا ہے ’پی ٹی آئی اپنے چیئرمین پر اعتماد کیے جانے کی قدر کرتی ہے تاہم کور کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ چیئرمین مذاکراتی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکتے۔‘

پی ٹی آئی کے بیان کے بیان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ مذاکراتی عمل میں ہر ممکن مدد فراہم کرے۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف طالبان کی جانب سے دس رکنی ٹیم کی تشکیل کا خیر مقدم کرتی ہے۔

طالبان سے براہ راست رابطہ

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی مذاکراتی ٹیم میں شامل جماعت اسلامی کے پروفیسر محمد ابراہیم نے سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو طالبان کی مذاکراتی وفد کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفد طالبان کے رہنماؤں سے براہ راست ملاقات کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ ابھی تک طالبان کا جو بھی موقف ہے وہ ان کو میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا ہے لیکن مذاکرات کے لیے ضروری ہے کہ طالبان رہنماؤں سے براہ راست ملاقات ہو تاکہ ان کا موقف جان سکیں۔