بنوں دھماکہ: ’ایسے حملوں کی وجہ سے طالبان سے مذاکرات شروع نہیں ہو سکے‘

،تصویر کا ذریعہAP
پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے ایک قافلے کے قریب دھماکے جیسے حملوں کے باعث طالبان کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کا آغاز نہیں ہو سکا ہے۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق بنوں چھاؤنی میں دھماکے اور شدت پسندی کے حالیہ واقعات کے باعث وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سوئٹزرلینڈ کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے چیئرمین عمران خان نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے حملے کی مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے ’تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے اس قسم کے حملے اور جامع انسداد دہشت گردی کی پالیسی مرتب کرنے میں وفاقی حکومت کی ناکامی کے باعث باضابطہ مذاکرات کے آغاز میں مشکل پیش آ رہی ہے۔‘
یاد رہے کہ بنوں چھاؤنی دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریکِ طالبان پاکستان نے قبول کی ہے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے بتایا کہ یہ کارروائی مولانا ولی الرحمان کی ہلاکت کا انتقام تھا اور یہ ’محسود ساتھیوں‘ نے کی ہے۔
پی ٹی آئی نے بیان میں مزید کہا ہے کہ مذاکرات کے حوالے سے سیاسی ذمہ واری لینے اور سیاسی رخ کی عدم موجودگی میں آپریشن بھی نتیجہ خیز نہیں ہو رہے۔ ’یہ بات کراچی میں رینجرز کے آپریشن کے باوجود پرتشدد کارروائیوں کا جاری رہنے سے صاف ظاہر ہے۔‘
بیان میں انھوں نے مزید کہا ہے کہ عمران خان نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ فوجیوں کی نقل و حرکت کے لیے نجی گاڑیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے جن کی سکیورٹی چیک بھی غیر اطمینان بخش ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت یا تو کُل جماعتی کانفرنس میں کیے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کرے یا پھر نئی قومی اتفاق رائے کے لیے نئی کُل جماعتی کانفرنس بلائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایسا کرنا حکومت کے لیے ضروری ہو گیا ہے اور خاص طور پر اس وقت جب امریکہ نے پاکستانی امداد کو ڈاکٹر شکیل آفریدی کی رہائی کے ساتھ مشروط کر دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے ’وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کو امریکی شرائط اور امداد سے نکالا جائے اور ملک کو امریکہ کی نام نہاد ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ سے نکالا جائے۔‘
یاد رہے کہ امریکی کانگریس میں پیش کیے جانے والے بجٹ کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے لیے دی جانے والی رقم میں سے تین کروڑ 30 لاکھ ڈالر اس وقت تک روک لیے جائیں جب تک کہ وہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو جیل سے رہا نہ کر دے۔
کانگریس میں رپبلكن اور ڈیموكریٹ ارکان کی رضامندی سے تیار کیے گئے بجٹ کے مسودے میں یہ بھی کہا گیا ہے جب تک کانگریس کو امریکی وزیرِ خارجہ کی طرف سے یہ ضمانت نہیں مل جاتی کہ ڈاکٹر آفریدی کو جیل سے رہا کر دیا گیا ہے، تب تک یہ رقم جاری نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق بنوں چھاؤنی میں دھماکے کے باعث وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے سوئٹزرلینڈ کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔







