وزیرِ اعظم کے مشیر کے قافلے پر حملہ: چھ ہلاک، امیر مقام محفوظ

پولیس کے مطابق یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا
،تصویر کا کیپشنپولیس کے مطابق یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا
    • مصنف, سید انور شاہ
    • عہدہ, صحافی، سوات

خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں تین پولیس اہکاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اتوار کی دوپہر ہونے والے اس بم دھماکے میں امیر مقام محفظ رہے۔

ڈی آئی جی ملاکنڈ عبداللہ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے میں ایک پولیس وین مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

پولیس کا کہنا کہ مرنے والوں میں آصف، جواد، لیاقت، فضل حیات اور جعفر شاہ شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا۔

دوسری جانب انجنیئر امیر مقام نے میڈیا کو بتایا کہ ہم دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں ہے اور آخری سانس تک دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ان پر اس سے پہلے بھی پانچ حملے ہو چکے ہیں اور یہ چھٹا حملہ تھا تاہم میں ڈرنے والا نہیں ہوں۔

ذرائع کے مطابق امیر مقام اور مقامی ایم پی اے عبدل منعیم ایک راضی نامے کے سلسلے میں مارتونگ گئے تھے کہ واپسی پر کنہار کے مقام پر یہ دھماکہ ہوا۔