مردان میں مزار پر حملہ، دو مجاور ہلاک

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے شہید غازی بابا کی زیارت کے دو مجاوروں کو ہلاک کر دیا ہے ۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو پیش آیا۔
اہلکاروں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق نامعلوم افراد نے مردان کے پار ہوتی کے علاقے میں شہید غازی بابا کے مقبرے کے مجاوروں کو نشانہ بنایا۔
اس حملے میں مدے بابا اور ساجد نامی افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں افراد اس مقبرے کی دیکھ بھال کیا کرتے تھے اور اسی مقبرے کے احاطے میں ایک کمرے میں رہائش پذیر تھے۔ پولیس اس واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے ۔
ادھر جمعہ پشاور کے مضافاتی علاقے سربند میں پولیس نے مسلح افراد کا حملہ پسپا کرتے ہوئے ایک حملہ آور کو ہلاک کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد مسلح افراد نے چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جس پر پولیس اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی ہے۔ اس کارروائی میں ایک حملہ آور ہلاک اور باقی فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
پشاور میں گزشتہ چند روز کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ روان ہفتے کے دوران پولیس پر پانچ مختلف مقامات پر حملے ہوئے ہیں جس کے بعد پشاور شہر میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







