ضمنی الیکشن میں تحریکِ انصاف کی جیت

تحریکِ انصاف کے امیدوار اس الیکشن میں فیورٹ تھے
،تصویر کا کیپشنتحریکِ انصاف کے امیدوار اس الیکشن میں فیورٹ تھے
    • مصنف, عزیز اللہ خان
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

اطلاعات کے مطابق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے سابق وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور کی خود کش حملے میں ہلاکت کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ہونے والا ضمنی انتخاب میں ان کے بڑے بھائی اور تحریکِ انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور کامیاب ہوگئے ہیں۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی سے نشست پی کے 67 پر اکرام اللہ گنڈاپور نے گیارہ ہزار سے زیادہ ووٹوں کی برتری حاصل کی۔

اتوار کو ہونے والے اس الیکشن میں اگرچہ چھ امیدوار میدان میں تھے لیکن اصل مقابلہ تحریکِ انصاف کے اکرام اللہ گنڈا پور اور آزاد رکن فتح اللہ میاں خیل کے درمیان ہی تھا۔ فتح اللہ میاں خیل عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار تھے لیکن اب ضمنی انتخاب کے لیے جماعت نے انھیں ٹکٹ نہیں دیا ۔

الیکشن کے دوران پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی تاہم گرہ گل داد میں ایک پولنگ سٹیشن پر نامعلوم افراد نے پولنگ کے آغاز سے قبل پہلے دستی بم پھینکا جس سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

اس حلقے میں 55 پولنگ مراکز کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے وہاں سکیورٹی اہلکاروں تعینات کیے گئے تھے۔

اسرار اللہ گنڈاپور عید پر اپنے ڈیرے پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں ہلاک ہو گئے تھے
،تصویر کا کیپشناسرار اللہ گنڈاپور عید پر اپنے ڈیرے پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں ہلاک ہو گئے تھے

الیکشن کے دوران منگل ، کوٹ تگا ، کڑی شموزئی اور کوٹ ازک نامی دیہات میں خواتین نے ووٹ نہیں ڈالے اور اطلاعات ہیں کہ یہ فیصلہ مقامی روایات کے تحت ہی امیدواروں کی رضا مندی سے کیا گیا تھا۔

یہ حلقہ گنڈاپور خاندان کا آبائی حلقہ رہا ہے اور سردار عنایت اللہ گنڈا پور کے بعد ان کے بیٹے اسرار اللہ گنڈا پور ہی یہاں سے کامیاب ہوتے رہے تھے۔

مئی 2013 کے الیکشن میں بھی وہ آزاد حیثیت سے کامیاب ہوئے تھے لیکن بعد میں حکومت سازی کے لیے انھوں نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔

وہ رواں برس عید پر اپنے ڈیرے پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد جماعت کے تین ارارکین اسمبلی کو شدت پسندی کے واقعات میں ہلاک کیا گیا ہے۔

ان میں اسرار اللہ گنڈہ پور کے علاوہ شیر گڑھ مردان سے آزاد رکن عمران مہمند اور ہنگو سے منتخب فرید خان شامل تھے۔