’وزیرِ اعظم ملالہ یوسفزئی‘ بلاول بھٹو زرداری

پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خواتین کو تعلیم کا حق دلانے کے لیے کوشاں پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کے نوبیل انعام نہ جیتنے پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
ادھر بلاول بھٹو نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں نعرہ بھی لگایا ’وزیرِاعظم ملالہ یوسفزئی‘۔
پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پر جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ ملالہ کی نامزدگی ہی تمام پاکستانیوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ادھر پاکستان کے وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملالہ یوسفزئی پاکستان کا فخر اور قومی اثاثہ ہیں۔ ملالہ یوسفزئی کی تعلیم کے لیے کاوش نوجوانوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔
یاد رہے کہ ملالہ یوسفزئی اس سال کے امن کے نوبیل انعام کے لیے پسندیدہ امیدواروں میں سے ایکتھیں تاہم امن انعام 2013 شام میں کیمیائی ہتھیاروں کو تلف کرنے میں مصروف کیمیائی ہتھیاروں کے انسداد کی تنظیم او پی سی ڈبلیو کو دیا گیا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما کسی اہم سیاسی جماعت کے سب سے پہلے رہنما تھے جنہوں نے ملالہ کے نوبیل انعام نہ جیتنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عمران خان کو قدرے دائیں بازو کا سیاست دان سمجھا جاتا ہے اور پاکستان میں انتہائی دائیں بازو کے چند حلقوں میں ملالہ یوسفزئی کے بارے میں چند خدشات پائے جاتے ہیں۔
ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بچیوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہا تھا کہ ملالہ یوسفزئی کی پاکستانی لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کوششیں ایک ترقی یافتہ اور پرامن پاکستان میں بطور ایک ستون کے یاد رکھی جائیں گی۔
بختاور بھٹو زرداری نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ نوبیل انعام کو چھوڑیں میں ملالہ کو بطور اپنا وزیرِ اعظم دیکھنا چاہتی ہوں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آصفہ بھٹو زرداری نے بھی ایک پیغام میں کہا کہ ملالہ نے چاہے نوبیل انعام نہیں جیتا، انہوں نے لاکھوں دل جیت لیے ہیں۔
تحریکِ انصاف کے بیان میں عمران خان کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ’ہمیں پاکستان کی اس بیٹی پر ناز ہے جس کے ساتھ ایک چھوٹی سی عمر میں اتنا بڑا حادثہ ہوا، اس کو اپنی جان کے لیے لڑنا پڑا اور یہ سب صرف اس لیے کہ انہوں نے خواتین کی تعلیم کے لیے آواز اٹھائی۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’ان کے اتنے سارے بین الاقوامی اعزازات نہ صرف ان کی جدوجہد کا اعتراف ہیں بلکہ دنیا بھر کی ان تمام بچیوں اور خواتین کی جدوجہد کی علامت ہیں جو کہ ان ظالموں کے خلاف کمر بستہ ہیں جو انہیں تعلیم کا بنیادی حق بھی نہیں دیتے۔
عمران خان نے کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے بنائی گئی عالمی تنظیم او پی سی ڈبلیو کے نوبیل انعام جیتنے کا خیر مقدم کیا۔







