ممنون حسین نے صدرِ پاکستان کا حلف اٹھا لیا

پاکستان کے نو منتخب صدر ممنون حسین نے پیر کو ملک کے بارہویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی پی ٹی وی کے مطابق ایوانِ صدر میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اُن سے حلف لیا۔
اس تاریخی تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر آصف علی زرداری کے علاوہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریب میں وفاقی کابینہ کے اراکین، چاروں صوبوں کے گورنر اور وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔
اسی طرح تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ اس تقریب میں پارلیمانی پارٹیوں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
سبکدوش ہونے والے صدر آصف علی زرداری گذشتہ روز ایوانِ صدر سے گارڈ اف آنر کے ساتھ رخصت ہو کر لاہور چلے گئے تھے۔
اہم بات یہ ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 30 جون کو ہونے والے صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کیا تھا مگر اس کے باوجود اس تقریب میں پیپلز پارٹی کے اہم رہنما شریک ہوئے جن میں سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی بھی شامل تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گیارہ مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے برسراقتدار آنے والی جماعت مسلم لیگ نواز کے امیدوار ممنون حسین نے صدارتی انتخاب میں پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے خلاف واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔







