ایل او سی: فائرنگ سے ایک پاکستانی فوجی ہلاک

پاکستان کے فوجی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی ’بلااشتعال فائرنگ‘ کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
پاکستانی فوج نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ سنیچرکی صبح ساڑھے دس بجے نیزہ پیر سب سیکٹر راولا کوٹ میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ’بلااشتعال فائرنگ‘ کی جس کے نتیجے میں سپاہی عاصم اقبال ہلاک جبکہ نائک محمد خان شدید زخمی ہوگئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سپاہی عاصم اقبال راولپنڈی ضلع کے گاؤں چھاوڑیاں کے رہنے والے تھے۔
اُدھر بھارتی فوج نے کہا ہے کہ فائرنگ کی شروعات پاکستان نے کی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بھارتی محکمۂ دفاع کے ترجمان کرنل آر کے پلٹا کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستانی فوج نے سنیچر کی صبح بغیر کسی اشتعال کے گولہ باری اور فائرنگ شروع کی تھی جس کے جواب میں بھارتی فوج نے محتاط انداز میں جوابی کارروائی کی اور یہ کہ بھارت کا کوئی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔
تاہم بھارتی ترجمان نے پاکستانی فوجی کی ہلاکت پر تبصرہ نہیں کیا۔
پاکستان کی حکومت کا بھی اس واقعے پر سخت ردِعمل سامنے آیا ہے۔
پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاکستان کو ہونے والے جانی نقصان کی شدید مذمت کی ہے اور بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کرائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کی حکومتیں تعلقات کی بہتری کے لیے مخلصانہ کوششیں کر رہی ہیں۔
حالیہ مہینوں میں لائن آف کنٹرول پر دونوں ممالک کے فوجوں کے درمیان جھڑپوں کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔
بھارتی فوج کے مطابق پچھلے مہینے لائن آف کنٹرول پر اسی علاقے میں پاکستانی فوج کی فائرنگ سے بھارتی فوج کا ایک افسر ہلاک ہوگیا تھا جبکہ اس سے قبل جنوری اور فروری میں بھی لائن آف کنٹرول پر ہونے والی جھڑپوں میں فریقین کے چھ اہلکار مارے گئے تھے جن میں پاکستان کے چار اور بھارت کے دو فوجی شامل تھے۔







