پنجاب اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے اپنی رکنیت کا حلف اٹھا لیا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔
پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نامزد وزیر اعلیْ شہباز شریف نے صوبائی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔
ارکان اسمبلی کی حلف برادری کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر یعنی تین جون تک ملتوی کر دیا گیا۔
لاہور سے نامہ نگار عباد الحق کے مطابق صوبائی اسمبلی کے نئے سپیکر کا انتخاب 3 جبکہ قائد ایوان کا انتخاب 6 جون کو ہوگا۔
سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 2 جون کی شام پانچ بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ قائد ایوان کے لیے کاغذات 5 مئی کو جمع ہوں گے۔
پنجاب اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں 150 کے قریب نئے چہروں نے بھی حلف اٹھایا۔
نئی پنجاب اسمبلی اس اعتبار سے منفرد ہے کہ اس میں پہلی بار تحریک انصاف کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھایا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گورنر پنجاب سید مخدوم سید احمد محمود کے بیٹے مخدوم سید مصطفیْ محمود نے صوبائی اسمبلی کی نشست کا حلف نہیں اٹھایا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخاب لڑا تھا۔
تاہم مخدوم سید مصطفیْ محمود نے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑ کر قومی اسمبلی کی نشست اپنے پاس رکھی ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے ڈیرہ غازی خان سے صوبائی اسمبلی کی نشست کا حلف نہیں اٹھایا۔ انہوں نے اس نشست پر اپنے بیٹے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سیف الدین کھوسہ کو شکست دی تھی۔
حلف اٹھانے والوں میں سابق ٹی وی اداکارہ کنول بھی شامل ہیں جو مسلم لیگ نون کی جانب سے محضوص نشستوں پر رکن پنجاب اسمبلی بنیں۔
یہ پہلا موقع ہے جب پنجاب اسمبلی کے حلف اٹھانے والے ارکان میں کوئی سابق کھلاڑی شامل ہیں۔ اس سے پہلے کرکٹر حفیظ کاردار، سرفراز نواز، اختر رسول اور قاسم ضیاء پنجاب اسمبلی کے رکن رہے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے نومنتخب ارکان اسمبلی میں وہ پانچ خواتین بھی شامل ہیں جو 11 مئی کے انتخابات میں براہ راست حصہ لے کر صوبائی اسمبلی تک پہنچی ہیں۔







