جنرل کیانی کی نواز شریف کو قومی امور پر بریفنگ

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بّری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر میاں نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ملاقات کئی گھنٹے جاری رہی۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس ملاقات میں جنرل کیانی نے میاں نواز شریف کو قومی اور سکیورٹی امور پر بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ نواز کے رہنما شہباز شریف بھی موجود تھے۔
دوسری جانب مسلم لیگ نواز کے سینیئر رہنما راجہ ظفر الحق نے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنرل کیانی نے میاں نواز شریف کو سکیورٹی امور پر بریفنگ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پوری دنیا میں ہوتا ہے کہ جیتنے والی جماعت کو بریفنگ دی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گیارہ مئی کو ہونے والے انتخابات میں الیکشن کمیشن کے مطابق میاں نواز شریف کی مسلم لیگ قومی اور پنجاب کی سطح پر سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اور عمران خان کی تحریک انصاف نے خیبر پختون خوا میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔
بلوچستان میں صوبائی اسمبلی کے لیے انتخابات میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور مسلم لیگ ن اکثریتی جماعتوں کے طور اُبھری ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی اردو کی نامہ نگار سارہ حسن سے بات کرتے ہوئے تجزیہ کار نسیم زہرہ نے کہا کہ جنرل کیانی اور میاں نواز شریف کی ملاقات ایک خوش آئند بات ہے ۔
’فوج نے نواز شریف کے منڈیٹ کوتسلیم کیا ہے اور پاکستان میں سول ملٹری روابط کی جو تاریخ ہے اور نواز شریف کو تو نکالا بھی فوج نے تھا۔ دونوں نے سبق سیکھا ہے اور خاص کر فوج کے حوالے سے کہا جا رہا تھا کہ نواز شریف کے لیے اس کا رویہ کیا ہو گا۔‘
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہمیشہ کہا ہے کہ فوج کا اپنا جمہوری کردار ہے اور اس سے ہٹ کر ان کا کوئی بھی کردار ناقابل قبول ہو گا۔ تو مجموعی طور پر یہ ایک اچھا تاثر ہے۔ اس سے بڑھ کر کوئی اور بات سوچنا قبل از وقت ہے۔







