بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق

بیرون ملک مقیم پاکستانی آئندہ انتخابات میں اپنا ووٹ استعمال کر سکیں گے
،تصویر کا کیپشنبیرون ملک مقیم پاکستانی آئندہ انتخابات میں اپنا ووٹ استعمال کر سکیں گے

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دینے سے متعلق آرڈیننس پر دستخط کر دیے ہیں۔

ایوانِ صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر زرداری نے وزیراعظم کے مشورے پر جعمرات کو انتخابی قوانین کے ترمیمی آرڈیننس 2013 پر دستخط کیے۔

اس قانون کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ دینے کا حق مل گیا ہے تاہم وہ اس مرتبہ انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔

اس کی وجہ آرڈیننس میں پولنگ کی تاریخ مقرر ہونے سے کم از کم دس پہلے اس سفارت خانے میں ووٹ کا اندراج کرانے کی شرط ہے جہاں وہ اپنا ووٹ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

صدر زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق اس آڈریننس کے تحت الیکشن کمیشن ضرورت کے مطابق انتخاب کی تاریخ مقرر کرنے سے 14 دن پہلے بیرون ممالک میں پاکستان کے سفارت خانوں، قونصل خانہ یا مشن میں پولنگ بوتھ قائم کر سکتا ہے۔

بیان کے مطابق وزارتِ خارجہ متعلقہ میزبان ممالک سے پولنگ سٹیشن قائم کرنے کے لیے اجازت حاصل کرے گا۔

بیرون ممالک میں پولنگ کا عمل شفاف اور آزادانہ رکھنے کے لیے الیکشن کمیشن ضرورت کے مطابق جتنے چاہیے مبصرین تعینات کر سکتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تعداد 45 لاکھ ہے جس میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی تعداد 29 لاکھ سے زائد ہے۔