کارکردگی کی بجائے مظلومیت کا پرچار

جوں جوں ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کا وقت قریب آتا جارہا ہے، مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے میڈیا اور بالخصوص ٹی وی چینلز پر چلنے والے اشتہارات میں تبدیلی آتی جارہی ہے۔
ان اشتہارات میں سیاسی جماعتیں لوگوں کو اپنے منشور سے متاثر کرنے کی بجائے اُنھیں جذباتی کرکے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اب تو ایسا دکھائی دیتا ہے کہ جو سیاسی جماعت زیادہ مظلومیت کا پرچار کرے گی اُنھیں ووٹ زیادہ ملنے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
سب سے پہلے ذکر پاکستان تحریک انصاف کا جن کے ذریعے پہلے تو نظام میں تبدیلی کے اشتہارات کو نجی ٹی وی چینلوں کی زینت بنایا جاتا رہا۔

سات مئی کو لاہور عمران خان کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد ان کے زخمی حالت میں لیے گئے بیان کو اشتہاری مہم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ جس میں لوگوں کو اپنی جماعت کے انتخابی نشان بلے کو ووٹ دینے کو کہا گیا ہے۔
شروع میں تو اس بیان کو مقامی میڈیا نے بریکنگ نیوز کے طور پر چلایا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کو ہوش آگیا ہے اور اُنھوں نے چینل کے ساتھ خصوصی گفتگو کی ہےT لیکن بعد میں میڈیا والوں کو احساس ہوا کہ یہ تو اشتہاری مہم ہے جس کے بعد اُنھوں نے اسے کمرشل بنیادوں پر چلانا شروع کردیا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اس بیان کے بعد عمران خان کے لیے ہمدردی کے ووٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

سابق حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی نے شروع میں تو اپنی حکومت کے پانچ سالہ دور میں کیے جانے والے ترقیاتی کاموں کا ذکر کیا لیکن جب عوام میں اس کو پذیرائی نہ ملی تو اُنہوں نے بھٹو خاندان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور دسمبر سنہ 2007 میں بے نظیر بھٹو کے قتل کو بھی اپنی اشہتاری مہم کا حصہ بنایا اور لوگوں کو یاد دلایا کہ ان زیادتیوں کے ازالے کے لیے تیر پر مہر لگائی جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے اُمیدواروں نے بھی پارٹی کی میڈیا مہم چلانے والوں سے کہا کہ چونکہ اس پارٹی کے جیالے پارٹی کی کارکردگی کو نہیں بلکہ بھٹو خاندان کو ہی اپنا سب کچھ مانتے ہیں اس لیے کارکردگی کی بجائے بھٹو خاندان کو ہی فوکس کیا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنی اشتہاری مہم میں شریف برادران کو بھی فوکس کیا ہے جس میں اُنھوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے شروع کیے گئے ترقیاتی کاموں کو روکا تھا تاکہ اس کو دیکھ کر کم از کم پارٹی کا ورکر تو کسی حد تک اپنی پارٹی کے ساتھ رہے۔

تیسرے نمبر پر صوبہ پنجاب کی حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کا ذکر آتا ہے۔ یہ جماعت بھی شخصیات کے گرد ہی گھومتی ہے۔
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو جب سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے طیارہ اغوا کرنے کے مقدمے میں جیل میں ڈالا اور پھر اُنھیں ملک بدر کیا تو ان واقعات کو بھی اس جماعت نے اپنی اشتہاری مہم کا حصہ بنایا ہے تاکہ ووٹروں کو اس بات کا بھی احساس دلایا جاسکے کہ اُن کے ساتھ بھی زیادتی کی گئی ہے اس لیے ووٹ کی پرچی پر شیر کے نشان پر مہر لگائی جائے۔
باقی سیاسی جماعتوں کی طرف سے باقاعدگی کے ساتھ میڈیا پر اشتہاری مہم نہیں چلائی جا رہی۔







