مشرف کی درخواست غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی

سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اس وقت اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کررہے ہیں
،تصویر کا کیپشنسابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اس وقت اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کررہے ہیں

پاکستان کے لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت اس بنیاد پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

ان کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ عام انتخابات میں حصہ نہیں لی رہی۔

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف مشرف نے پنجاب کے ضلع قصور سے اپنے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

پیر کے روز لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی نااہلی کے خلاف درخواست پر سماعت شروع کی تو ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ آل پاکستان مسلم لیگ نے گیارہ مئی کو ہونے والے عام اانتخابات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

تاہم وکیل کے بقول جس بنیاد پر ان کے موکل جنرل ریٹائرڈ مشرف کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ہیں وہ ان دھبوں کو دھونا چاہتے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل سے کہا کہ جنرل مشرف انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے تو پھر پہلے ان لوگوں کے درخواستوں پر سماعت کرلیں جو انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں۔

پرویز مشرف کے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کے اعلان کے بعد لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ نے سابق فوجی صدر جنرل پرویز مشرف کی نااہلی کے خلاف درخواست پر کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے موخر کردی۔

سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اس وقت اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کررہے ہیں اور ان کی چک شہزاد میں واقع رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے کر انہیں وہاں جوڈیشل ریمانڈ پر رکھا گیا ہے۔

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے پنجاب کے علاقے قصور سے قومی اسمبلی کی نشست کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم پہلے ریٹرننگ آفیسر اور بعد میں الیکشن ٹربیونل نے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے تھے۔