سیاسی جماعت کے دو کارکنوں کی لاشیں برآمد

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے شہر خیرپور ناتھن شاہ کے قریب ایک گاؤں سے قوم پرست جماعت جئے سندھ متحدہ محاذ کے دو کارکنوں کی بوری بند لاشیں ملی ہیں۔
ان دونوں افراد کو عامر کھاوڑ اور سجاد مرکھنڈ کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔
لاشیں ملنے کے بعد ضلع دادو، لاڑکانہ اور شہداد کوٹ کے بعض علاقوں میں ہوائی فائرنگ ہوئی اور کاروبار بند ہو گیا۔
جئے سندھ متحدہ محاذ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری شبیر ملاح نے صحافی علی حسن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے عامر اور سجاد کو جماعت کا کارکن قرار دیا۔
عامر اور سجاد کے قتل کے خلاف جماعت کے زیرزمین چیئرمین شفیع محمد نے سندھ میں پیر کو پہیہ جام ہڑتال کی اپیل کی ہے۔
شبیر ملاح کے بقول چند روز قبل دونوں نوجوانوں کو صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے اغواء کیا گیا تھا اور ان پر تشدد کرنے کے بعد سر پر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
ادھر سندھ میں نواب شاہ کی حدود میں ریلوے کی مرکزی لائن پر ہونے والے دھماکے کے باعث پٹری کا دو فٹ حصہ متاثر ہوا اور ریلوے ٹریفک بھی معطل رہی۔
جائے وقوعہ سے پولیس نے سندھ لبریشن آرمی کے پمفلٹ بھی بر آمد کیے ہیں۔ سندھ میں ریلوح لائنز پر ہونے والے دھماکوں کے بعد سندھ لبریشن آرمی کے پمفلٹ ہی عام طور پر ملا کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







