وزیرستان:فوجی قافلے پر بم حملہ، 3 فوجی ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ایک فوجی قافلے پر بم حملے میں تین فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
شمالی وزیرستان میں تعینات پاکستانی فوج کے ایک افسر نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ بم حملہ اتوار کو ہوا اور بنوں سے میران شاہ جانے والا قافلہ اس حملے کا نشانہ بنا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ قافلہ کھجوری کے علاقے میں ایک پل سے گزر رہا تھا تو اس کے نیچے نصب بم پھٹنے سے قافلے میں شامل ایک ٹرک تباہ ہو گیا۔
فوجی افسر نے بتایا کہ یہ ریموٹ کنٹرول بم تھا اور اس حملے میں تین فوجی اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئے جنہیں بنوں کے فوجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں فوجی قافلوں کو نشانہ بنانے کے واقعات ماضی میں بھی پیش آتے رہے ہیں۔
رواں سال کے آغاز میں بھی اسی ایجنسی میں ایشا کے مقام پر فوجی قافلے کی گاڑی ایک بارودی سرنگ کا نشانہ بنی تھی اور اس واقعے میں چودہ فوجی ہلاک اور گیارہ زخمی ہو گئے تھے۔



