کیچ:انتخابی اجلاس پر کریکر سے حملہ

بلوچستان کے علاقے ضلع کیچ میں قوم پرست جماعت نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک کی رہائش گاہ پر کریکر پھینکا گیا ہے تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
یہ حملہ اتوار کو اس وقت ہوا جب ان کی رہائش گاہ پر آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے ایک اجتماع ہو رہا تھا۔
کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت کے ایک پولیس اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے پھینکا جانے والا دھماکا خیز مواد مکان کے اندر نہیں گرا بلکہ داخلی دروازے کے ساتھ گر کر زودردار دھماکے سے پھٹ گیا۔
اہلکار کے مطابق جب یہ حملہ ہوا تو ڈاکٹر عبد المالک خود بھی وہاں موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں انتخابی مہم چلانے والی جماعتوں کو نشانہ بنائے جانے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
دو روز قبل کوئٹہ شہر کے علاقے سریاب میں ایک اور بلوچ قوم پرست جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے ایک انتخابی دفتر پر دستی بم سے حملہ ہوا تھا۔
اس سے پہلے 16 اپریل کو ضلع خضدار کے علاقے زہری میں انتخابی مہم کے سلسلے میں جانے والے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر نواب ثناء اللہ زہری کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ان کے بیٹے ،بھائی اور بھتیجے سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
علاوہ ازیں انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد بلوچستان کے شورش زدہ علاقوں میں الیکشن کمیشن کے دفاتر اور نادرا کے دفاتر پر بھی حملے ہوئے ہیں۔







