افغان شدت پسندوں کا پاکستانی چوکی پر حملہ

شدت پسند ماضی میں بھی ایسی کارروائیاں کرتے رہے ہیں
،تصویر کا کیپشنشدت پسند ماضی میں بھی ایسی کارروائیاں کرتے رہے ہیں

پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں افغانستان سے آنے والے شدت پسندوں نے ایک سرحدی چوکی پر حملہ کیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ہے یہ حملہ جمعرات کی صبح لوئر کرم میں علی زئی کے علاقے میں واقع ’بھٹی چیک پوسٹ‘ پر کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں چار شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

طالبان شدت پسند ماضی میں بھی افغانستان سے سرحد پار کر کے پاکستانی علاقے میں حفاظتی چوکیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔

پاکستان کی جانب سے سرکاری سطح پر افغانستان سے اس قسم کی کارروائیاں کرنے والے شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے پاکستانی فوج کی جانب سے افغانستان سے ہونے والی دراندازی کے مبینہ واقعے پر جوابی کارروائی بھی کی گئی تھی۔

تاہم اس کارروائی پر افغان حکام نے احتجاجاً اپنے فوجی وفد کا دورۂ پاکستان منسوخ کر دیا تھا۔

اس پر پاکستانی دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ افغانستان ضرورت سے زیادہ سخت رد عمل کا اظہار کر رہا ہے۔