گلگت: مسافر وین پر بم حملہ، ایک شخص ہلاک

،تصویر کا ذریعہ
پاکستان کے شمالی علاقےگلگت بلتستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک مسافر وین پر ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
اتوار کو یہ واقعہ گلگت شہر سے پندرہ کلومیڑ دور مناور کے علاقے میں پیش آیا۔
گلگت کے سپرنٹنڈنٹ پولیس تنویر حسین نے بی بی سی کے نامہ نگار ذوالفقار علی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بم پل کے نیچے نصب کیا گیا تھا اور جب یہ مسافر وین اس پل سے گذر رہی تھی تو عین اسی وقت ریموٹ کنٹرول کے ذریعے بم دھماکا کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں مسافر وین کا ڈرائیور ہلاک جبکہ پانچ مسافر زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والوں میں ایک خاتون اور بچہ بھی شامل ہیں۔ پولیس افسر کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مسافر وین میں تقریباً اٹھارہ کے قریب مسافر سوار تھے اور یہ گلگت شہر سے حراموش قصبے جا رہی تھی۔
پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اس مسافر وین میں سوار زیادہ تر افراد کا تعلق مسلمانوں کے شعیہ مسلک تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہوں نے کہا کہ بظاہر یہی لگتا ہے کہ حملہ آوروں کا ہدف یہی گاڑی تھی۔
اگرچہ دن میں بہت سے گاڑیاں اس راستے سےگذرتی ہیں لیکن یہ مسافر وین کیوں ہدف تھی اس بارے میں پولیس افسر کا کہنا تھا کہ وہ فی الوقت کچھ نہیں کہ سکتے ہیں۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔
ایس پی تنویر حسین نے کہا کہ ابھی معلوم نہیں کہ اس دھماکے کے کیا محرکات ہیں اور اس کے پیچھے کون لوگ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ دہشت گردی کا واقعہ لگتا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
گلگت میں ماضی میں فرقہ وارانہ پرتشدد واقعات ہوتے رہے ہیں۔
روان سال اپریل میں بھی گلگت اور چلاس میں فرقہ وارانہ تشدد میں بارہ سے زیادہ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔







