کوئٹہ:زائرین پر حملے کے خلاف مکمل ہڑتال

دھماکے سے بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشندھماکے سے بس مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں زائرین کی بس پر ہونے والے بم حملے کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے جبکہ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد تیرہ تک پہنچ گئی ہے۔

ایران سے آنے والی زائرین کی بس کو ہزار گنجی میں جمعرات کی شام اس وقت نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ پولیس کی نگرانی میں کوئٹہ پہنچنے والی تھی۔

ابتدائی طو پر اس واقعے میں چھ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات آئی تھیں تاہم مقامی حکام کے مطابق جمعرات کو رات گئے تک اس بس کے گیارہ مسافر اور حفاظتی گاڑی میں سوار دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی تھی۔

اس دھماکے میں بائیس افراد زخمی بھی ہوئے تھے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹروں نے زخمیوں میں سے پانچ کی حالت نازک بتائی ہے جنہیں علاج کے لیے سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق بس میں ساٹھ کے قریب مسافر سوار تھے جن میں سے اکثر کا تعلق ہزارہ قبیلے سے ہے۔

شیعہ تنظیموں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا تھا اور جمعہ کو کوئٹہ میں ہڑتال کی کال بھی دی گئی تھی۔

کوئٹہ سے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی ، عزاداری کونسل پاکستان اور شیعہ کانفرنس کی اپیل پر ہونے والی ہڑتال کے موقع پر تمام دکانیں اور کاروباری مراکزبند رہے جس سے کاروبارِ زندگی سخت متاثر ہوا۔

بس کے مسافروں میں سے اکثر کا تعلق ہزارہ قبیلے سے تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنبس کے مسافروں میں سے اکثر کا تعلق ہزارہ قبیلے سے تھا

شیعہ تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے تحفظ کو یقینی بنائے اور اس قسم کے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔

واقعہ کے خلاف ہزارہ ڈیموکرٹیک پارٹی نے گورنر ہاؤس تک ایک احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا تھا تاہم انتظامیہ کی جانب ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کے بعد یہ ریلی ملتوی کر دی گئی۔

دوسری جانب خودکش حملے میں ہلاک ہونے والے گیارہ افراد کو مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن قبرستان میں نماز جمعہ کے بعد سپردِ خاک کر دیا گیا۔

جمعرات کی رات خود کو کالعدم تنظیم لشکرِ جھنگوی کا نمائندہ بتانے والے ابوبکر نامی شخص نے مقامی اخبارات کے دفاتر میں فون کر کے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور دعویٰ کیا ہے کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا۔

بلوچستان میں شیعہ فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصاً صوبے میں مقیم ہزارہ برادری خاصے عرصے سے فرقہ وارانہ دہشتگردی کا نشانہ بن رہی ہے اور ہزارہ برادری کے رپورٹ کے مطابق سنہ دو ہزار ایک سے لیکر اب تک ان واقعات میں آٹھ سوسے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔