کوئٹہ: پولیس ویگن پر فائرنگ، دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس موبائل وین پر فائرنگ کے نتیجے دو پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق جمعرات کے روز نامعلوم مسلع افراد نے مغربی بائی پاس پر کیرانی چوک کے قریب گشت پر مامور بروری تھانہ کی ایک پولیس وین پر فائرنگ کی ہے ۔
جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ثناء اللہ اور مرتضی ہلاک جبکہ اے ایس آئی محمد حسین اور سپاہی پیرمحمد زخمی ہوگئے۔
ہلاک و زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی ہے جسے بعد میں ملٹری کمبائنڈ ہسپتال (سی ایم ایچ) منتقل کیا گیا ہے۔
فائرنگ کے بعد نامعلوم ملزمان موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ پولیس اور فرنٹیئرکور کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
اس واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے لیکن آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایس پی (سی آئی ڈی) شاہنواز خان کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا تاہم بعد میں لشکرجھنگوی نے ذمہ داری قبول کی تھی۔



