کراچی:سپاہ صحابہ کارکن قتل

کراچی میں جانی نقصان(فائل فوٹو)

کراچی میں کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے ایک کارکن بھائی سمیت قتل ہوگیا ہے۔ تنظیم نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔

گلبرگ کی پولیس کا کہنا ہے کہ لنڈی کوتل چوک پر گزشتہ شب نامعلوم مسلحہ افراد نے فائرنگ کی جس میں دکان پر بیٹھے ہوئے تیس سالہ حماد گل اور ان کے چھوٹا بھائی شعیب موقعے پر ہلاک ہوگئے اور موٹر سائیکل سوار ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

کراچی سے بی بی سی کے نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے رہنما ڈاکٹر محمد فیاض نے بتایا کہ حماد گل لنڈی کوتل یونٹ کے کارکن تھے اور وہ حملے کے وقت اپنے آئل ڈیپو پر بھائی کے ساتھ موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتے کے اندر ان کے تین کارکنوں کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، جن میں عوامی کالونی میں طاہر اور ملیر میں اخلاق کا قتل شامل ہے۔

محمد فیاض کا کہنا تھا کہ ’ٹارگٹ کلنگ‘ کا یہ سلسلہ کچھ عرصہ رک گیا تھا مگر اب دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت چاہے تو ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچا سکتی مگر کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی جا رہی۔