ضمنی انتخابات میں پولنگ مکمل

    • مصنف, عبادالحق
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

لاہور کے قومی اسمبلی کےحلقہ ایک تئیس میں مسلم لیگ نون کے پرویز ملک ، جماعت اسلامی کے حافظ سلمان بٹ اور تحریک انصاف کے میاں حامد معراج کے درمیان مقابلہ ہے پاکستان کے صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی دو جبکہ بلوچستان میں ایک صوبائی نشست کے لیے بدھ کو ووٹ ڈالے گئے ہیں۔

پولنگ کا عمل شام پانچ بجے مکمل ہونے کے بعد اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ضمنی انتخابات میں صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ کا انتخابی حلقہ ہے وہ واحد حلقہ ہے جہاں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے امیدواروں کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے تاہم اس حلقہ کے نتائج بھی عدالتی فیصلے سے مشروط ہیں۔

لاہور کے قومی اسمبلی کےحلقہ ایک سو تئیس میں پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا اور یہاں پر مسلم لیگ نون کے پرویز ملک ، جماعت اسلامی کے حافظ سلمان بٹ اور تحریک انصاف کے میاں حامد معراج کے درمیان مقابلہ ہے۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے اس حلقہ سے امیدوار کھڑا نہ کرنے پر پارٹی کے ووٹرز کی ضمنی انتخابات میں کوئی خاص دلچسپی نظر نہیں آ رہی ہے۔ اس حلقہ سے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ سلمان بٹ اور تحریک انصاف کے میاں حامد معراج نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات لگائے ہیں جنہیں مسلم لیگ نون کے میدوار پرویز ملک نے مسترد کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے سیکرٹری اشتیاق احمد نے بھی قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تئیس کا دورہ کیا اور ان کے بقول الیکشن کمیشن کے عملے نے کم ٹرن آؤٹ پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ پرامن طریقہ سے جاری ہے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد نے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو تئیس کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلقہ پچپن میں بھی دوپہر تک ٹرن آؤٹ کم رہا تھا اور دوپہر کے بعد لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے آئے۔

اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ انہیں یہ شکایت ملی ہے کہ بیلٹ پیرز پر سیریل نمبر نہیں ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بیلٹ بک کے دو حصے ہوتے ہیں ایک پر سیریل نمبر نہیں ہوتا اور وہ حصہ جس سیریل نمبر نہیں ہوتا اسے بیلٹ بکس میں ڈالا جاتا ہے تاکہ ووٹر کی شاخت نہ ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے انہیں حلقہ ایک سو تئیس کے نتائج کا اعلان کرنے سے روکا نہیں ہے بلکہ نتائج کو عدالتی فیصلے سے مشروط قرار دیا ہے۔

جھنگ کے حلقہ پی پی بیاسی میں پیپلز پارٹی کے غضنفر جیوانہ اور مسلم لیگ نون کے اعظم چیلہ آمنے سامنے ہیں اور اس حلقہ میں بعض پولنگ سٹشینوں پر سیاسی کارکنوں میں جھگڑا ہونے کی اطلاعات بھی آ رہی ہیں۔

ضلع بہاولنگر کے حقلہ دو سو چوراسی میں مسلم لیگ نون کا کوئی امیدوار نہیں ہے جبکہ یہاں پر پیپلز پارٹی، مسلم لیگ قاف اور جنرل ضیاء الحق کے بیٹے اعجاز الحق کے نامزد کردہ امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حلقہ سے پیپلز پارٹی کی طرف سے کاشف نوید، مسلم لیگ قاف کے عبداللہ وینس جبکہ اعجاز الحق کے امیدوار شاہد انجم ہیں۔

پنجاب کے علاوہ بلوچستان کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پچیس جعفر آباد میں ضمنی انتخاب ہورہا ہے ۔ اس قبائلی اور پسماندہ حلقے میں مقامی جاگیرداروں اور سرداروں کے سامنے ایک کسان عورت مائی جوری بھی امیدوار ہیں اور کہا جاتا ہے کہ وہ اس علاقے کے پہلی خاتون امیدوار ہیں۔