پنڈی میں آتشزدگی، چھ طالبات ہلاک

    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں طالبات کے ایک پرائیویٹ ہاسٹل میں آگ لگنے سے چھ طالبات جاں بحق اور دو زخمی ہو گئیں۔

آتشزدگی
،تصویر کا کیپشنآتشزدگی کا اصل سبب اب تک معلوم نہیں ہو سکا۔

راولپنڈی پولیس کے ایس پی کامران عادل نے بی بی سی کو بتایا کہ صدر کے علاقے میں نیشنل فاونڈیشن گرلز ہاسٹل کے کمروں میں پیر کو اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کو بھجانے کے لیے شہر کی فائر برگیڈ کے عملے کے علاوہ اسلام آباد سے بھی فائربرگیڈ کے عملے کو طلب کیا گیا تھا جنہوں نے ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ ہاسٹل کے ایک کمرے میں آگ لگ گئی جس کو کمرے میں موجود خواتین نے بھجانے کی کوشش کی۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ کمرے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے ایک زوردار دھماکہ بھی ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس ہاسٹل میں مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ایک سو پینتالیس طالبات رہائش پذیر ہیں اور وقوعہ کے روز ایک سو طالبات موجود تھیں۔

کامران عادل کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد ہاسٹل کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں۔

شروع میں ہلاک ہونے والی چار لڑکیوں کی شناخت ہوئی جس کے مطابق ان کے نام فرح، ثوبیہ، آسیہ اور اقرا تھے جب کہ دیگر دو لڑکیں کی شناخت بعد میں ہوئی اور ان کے نام عطیہ بتول اور نویدہ مظہر بتائے گئے ہیں۔

زحمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی خواتین کو جھلسنے سے کم زخم آئے ہیں جب کہ زیادہ ہلاکتیں دم گُھٹنے کی وجہ سے ہوئی۔

اُدھر راولپنڈی کی انتظامیہ نے مذکورہ گرلز ہاسٹل کو سیل کر کے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔