بختاور بھٹو کے ہونے والے منگیتر محمود چوہدری کون ہیں؟ پیپلز پارٹی نے وضاحتی بیان جاری کر دیا

بختاور

،تصویر کا ذریعہInstagram\bakhtawarbz

پاکستان پیپلز پارٹی نے منگل کو ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بختاور بھٹو زرداری اور ان کے ہونے والے منگیتر محمود چوہدری سے متعلق ’سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر شیئر کی جانے والی غلط خبروں کی وضاحت کی گئی ہے۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری اور بینظیر بھٹو کی بیٹی بختاور بھٹو کی منگنی 27 نومبر 2020 کو ہونے جا رہی ہے۔

اس وضاحتی بیان میں بختاور کے ہونے والے منگیتر محمود چوہدری کے بارے میں کچھ معلومات بھی دی گئی ہیں۔

بیان کے مطابق محمود چوہدری، محمد یونس اور بیگم ثریا چوہدری کے صاحبزادے ہیں جن کا تعلق پرانے لاہور سے ہے لیکن سنہ 1973 میں وہ متحدہ عرب امارت منتقل ہو گئے جہاں انھوں نے تعمیرات اور ٹرانسپورٹ کے کاروبار کی بنیاد رکھی۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے اپنے پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے محمود، 28 جولائی سنہ 1988 کو متحدہ عرب امارت میں پیدا ہوئے اور وہیں سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد مزید تعلیم کے لیے برطانیہ چلے گئے جہاں انھوں نے یونیورسٹی آف درہم سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔

بیان میں یہ وضاحت بھی دی گئی ہے کہ یونس چوہدری کا خاندان متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے جہاں محمود تعمیرات، فنانس اور ٹیکنالوجی کے کاروبار سے منسلک ہیں۔

X پوسٹ نظرانداز کریں
X کا مواد دکھانے کی اجازت دی جائے؟?

اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔

تنبیہ: دیگر مواد میں اشتہار موجود ہو سکتے ہیں

X پوسٹ کا اختتام

یاد رہے پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی خبر 14 نومبر کو دی گئی تھی۔

آصف علی زرداری کی جانب سے جاری پیغام میں انھوں نے اپنی بیٹی کی منگنی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بختاور بھٹو کی منگنی کی تقریب 27 نومبر کو کراچی میں بلاول ہاؤس میں منعقد کی جائے گی۔

پی پی پی

،تصویر کا ذریعہCourtesy Bilawal House

بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تقریب منعقد کیے جانے کا دعوت نامہ بھی سوشل میڈیا میں زیر گردش رہا ہے جس میں آصف علی زرداری اور بینظیر بھٹو کی شادی کی تصویر بھی موجود ہیں۔

تاہم منگنی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے رائے زنی شروع کر تھی کہ محمود چوہدری کون ہیں۔

دعوت نامے میں کورنا وائرس کی وبا کے باعث ہدایات کی فہرست بھی شامل ہے جس کے مطابق تقریب میں محدود تعداد میں مہمانوں کو بلایا جائے گا اور سماجی فاصلوں کا بھی خیال رکھا جائے گا۔

ہدایت کے مطابق تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کو پہلے اپنا کورونا ٹیسٹ کروانا پڑے گا اور ای میل کے ذریعے اپنی منفی کورونا ٹیسٹ کی کاپی ای میل کرنی ہوگی اور اس کے بعد ہی ان مہمانوں کو تقریب میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

اس کے علاوہ ہدایات میں درج ہے کہ تقریب میں موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی پی پی

،تصویر کا ذریعہCourtesy Bilawal House

آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کے تین بچے ہیں جن میں سے بختاور کا دوسرا نمبر ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کی پیدائش 1988 میں ہوئی تھی، جب کہ بختاور بھٹو زرداری کی پیدائش جنوری 1990 میں ہوئی تھی۔

آصف علی زرداری اور بینظیر بھٹو کی تیسری اولاد ان کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری ہیں جن کی پیدائش فروری 1993 میں ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پر بھی اس اعلان کے چرچے ہیں اور کئی صارفین نے بختاور بھٹو کو ان کی منگنی طے ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔

بختاوری

،تصویر کا ذریعہFacebook/@officialbakhtawarbz