راولپنڈی: صدر میں دھماکہ، کم سے کم ایک ہلاک، 10 زخمی

،تصویر کا ذریعہCourtesy Babar
پاکستان کے شہر راولپنڈی میں کنٹونمنٹ کے علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں کم سے کم ایک شخص ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
مقامی تھانہ کینٹ کی پولیس نے بی بی سی کے نامہ نگار شہزار ملک کو بتایا کہ آتش گیر مواد ایک موٹر سائیکل میں چھپایا گیا تھا اور اسے صدر میں ہاتھی چوک کے قریب بازار میں کھڑا کیا گیا تھا۔
راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر ڈاکٹر عبدالرحمٰن کے مطابق دھماکے کی اطلاع رات آٹھ بج کر 32 منٹ پر موصول ہوئی تھی جس کے بعد زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہمارے نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق موقع پر موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو موٹر سائیکل اور رکشوں پر بٹھا کر ہسپتال پہنچایا۔
پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ نے آدھے گھنٹے میں موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقہ بلیدہ میں شدت پسنوں کے حملے میں پاکستانی فوج کے ایک افسر سمیت 6 فوجی اہلکار ہلاک جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا تھا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاکستان ایران سرحدی علاقے کے قریب بلوچستان کے ضلع کیچ میں شدت پسندوں کی ممکنہ نقل حمل کی نگرانی کے لیے معمول کے گشت سے واپسی پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے حملہ کیا گی تھا۔
رواں برس جنوری میں کوئٹہ کے علاقے سیٹلائیٹ ٹاﺅن میں مسجد میں بم دھماکے میں کم از کم 14 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں پولیس کے ڈی ایس پی امان اللہ بھی شامل تھے جو پولیس ٹریننگ کالج سریاب روڈ پر فرائض سرانجام دے رہے تھے۔











