بلوچستان کا ضلع کیچ: شدت پسندوں کے حملے میں پاکستانی فوج کے میجر ندیم عباس بھٹی سمیت چھ فوجی ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقہ بلیدہ میں شدت پسنوں کے حملے میں پاکستانی فوج کے ایک افسر سمیت 6 فوجی اہلکار ہلاک جبکہ ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاکستان ایران سرحدی علاقے کے قریب بلوچستان کے ضلع کیچ میں شدت پسندوں کی ممکنہ نقل حمل کی نگرانی کے لیے معمول کے گشت سے واپسی پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے حملہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے میں پاکستانی فوج کے ایک افسر اور 5 جوان ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک اہلکار زخمی ہے۔
کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پنجاب کے شہر حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے میجر ندیم عباس بھٹی، میانوالی سے تعلق رکھنے والے نائیک جمشید، تونسہ شریف کے لانس نائیک تیمور، اٹک کے لانس نائیک خضر حیات، مردان کے سپاہی ساجد اور تونسہ شریف سے تعلق رکھنے والے سپاہی ندیم شامل ہیں۔
یاد رہے اس سے قبل گذشتہ ہفتے کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن آرمی کے اعلامیے میں قائد اعظم یونیورسٹی میں ایم فِل کے طالب علم اور طلبہ سیاست میں متحرک نوجوان شہداد بلوچ اور احسان بلوچ کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جھڑپ میں ہلاکت کی تصدیق کی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ قلات اور خاران کے درمیانی علاقے شور پارود میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ان کے 'جانباز سرمچار شاہ داد بلوچ عرف درا اور احسان بلوچ ہلاک ہو گئے تھے‘۔











