نواز شریف کا نااہلی کے بعد انتخابی اصلاحات کے مقدمے میں بھی فریق بننے سے انکار

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے انتخابی اصلاحات سنہ2017 کے بل کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت میں عدالتی کارروائی کا حصہ بننے سے انکار کردیا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہلی کی مدت کے تعین کے لیے بھی درخواستوں میں بھی فریق بننے سے معذوری ظاہر کی ہے۔
نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے اس جواب میں کہا گیا ہے کہ وہ اس میں درخواست گزار نہیں ہیں اور اگر وہ درخواست گزار ہوتے تو وہ اس عدالتی کارروائی سے الگ ہونے کے بارے میں درخواست ضرور دیتے۔
سابق وزیر اعظم اور حکمراں جماعت کے سربراہ میاں نواز شریف نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ نے انتخابی اصلاحات کے بارے میں قانون سازی کی ہے اور پارلیمنٹ سب سے مقدم ادارہ ہے۔
اپنے جواب میں میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ نااہلی کی مدت کا تعین کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والے اس پانچ رکنی بینچ میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن بھی شامل ہیں جو ان کی نااہلی کے بارے میں فیصلہ دے چکے ہیں۔ اس پر بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اگر نواز شریف عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بننا چاہتے تو یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے پاناما لیکس کے معاملے پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا وار ان کی نااہلی آئین میں آرٹیکل 62 ون ایف تحت ہوئی تھی۔ آئین میں اس قانون کے تحت ہونے والی نااہلی کی کوئی مدت مقرر نہیں ہے جس کی وجہ سے یہی تصور کیا جاتا ہے کہ یہ نااہلی عمر بھر کے لیے ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے انتخابی اصلاحات کے بارے میں دائر درخواستوں کی سماعت کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سماعت کے دوران حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کو عدالت نے روسٹم پر بلایا اور کہا کہ اُنھوں نے گذشتہ سماعت کے دوران کہا تھا کہ نواز شریف ان درخواستوں میں عدالتی کارروائی کا حصہ بنیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا جس پر راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ ان کی جماعت کی طرف سے عدالتی کارروائی کا حصہ بنیں گے۔
درخواست گزار شیخ رشید احمد کے وکیل نے اپنی درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل قرار دیا تھا اور اسی نااہلی کے بعد حکمراں جماعت نے انتخابی اصلاحات اور پولیٹیکل پارٹی ایکٹ میں ترمیم کرکے ایسے شخص کو پارٹی کا صدر بنا دیا گیا۔
اُنھوں نے کہا کہ جو شخص رکن پارلیمان بننے کی اہلیت پر پورا نہ اترتا ہو وہ کیسے کسی سیاسی جماعت کا سربراہ بن سکتا ہے۔
بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ قانون سازی میں تمام جماعتوں نے حصہ لیا ہے۔ کسی سیاسی جماعت نے اس ترمیم کے حق میں کسی نے مخالفت میں ووٹ دیا ہے اس لیے سب کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے۔
اُنھوں نے کہا کہ عدالت آئین اور قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی ان درخواستوں پر فیصلہ دے گی۔
سپریم کورٹ کے وکیل کامران مرتضی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ وہ سپیکر قومی اسمبلی اور سینیٹ کی چیئرمین کی طرف سے ان درخواستوں میں فریق بننا چاہتے ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ چونکہ وہ ان درخواستوں میں فریق نہیں ہیں اس لیے اُنھیں فریق نہیں بنایا جاسکتا۔











