آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کوئٹہ میں گرجا گھر پر شدت پسندوں کا حملہ، آٹھ ہلاک
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیرِ داخلہ کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ایک گرجا گھر پر ہونے والے حملے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔
یہ حملہ کوئٹہ کے علاقے زرغون روڈ پر واقع ایک گرجا گھر پر اتوار کی صبح کیا گیا جہاں مذہبی عبادات کے لیے بڑی تعداد میں افراد موجود تھے۔
بلوچستان کے آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری کے مطابق ریلوے سٹیشن کوئٹہ کے قریب امداد چوک پر واقع میتھوڈسٹ گرجا گھر کو کم از کم دو خودکش حملہ آوروں نے نشانہ بنانے کوشش کی۔
انھوں نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ حملے کے وقت گرجا گھر میں 400 کے قریب افراد موجود تھے لیکن پولیس کی بروقت کارروائی کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا۔
آئی جی پولیس نے بتایا کہ سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں نے ایک حملہ آور کو گرجا گھر کے احاطے کے مرکزی دروازے پر ہی مار گرایا جبکہ دوسرے حملہ آور نے گرجا گھر کے دروازے پر زخمی ہونے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
پاکستان میں گرجا گھروں پر حملے
ان کا کہنا تھا کہ مرنے اور زخمی ہونے والے افراد چرچ کے اندر دروازے کے قریب موجود تھے اور خودکش دھماکے کی زد میں آئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آئی جی بلوچستان کے مطابق سکیورٹی اداروں نے گرجا گھر کے احاطے کو کلیئر کر دیا ہے اور اب آس پاس کے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
بلوچستان کے وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے بی بی سی اردو کے محمد کاظم کو بتایا کہ چار حملہ آوروں نے گرجا گھر میں داخل ہونے کی کوشش تھی جن میں سے دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک اس حملے میں آٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زیادہ ہے۔
تاحال کسی تنظیم کی جانب سے بھی اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
دی میتھوڈسٹ گرجا گھر سنہ 1935 میں تعمیر کیا گیا تھا اور یہ شہر کے ریلوے سٹیشن کے قریب مصروف ترین شاہراہ پر واقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ماضی میں بھی شدت پسند گرجا گھروں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔
مارچ 2015 میں دہشت گردوں نے لاہور کے علاقہ یوحنا آباد میں دو گرجا گھروں پر خودکش حملے کیے تھے جن میں 15 افراد مارے گئے تھے۔
اس سے قبل ستمبر سنہ 2013 میں پشاور کے کوہاٹی گیٹ چرچ پر بھی دو خودکش حملہ آوروں نے حملہ کیا تھا جس میں 80 سے زیادہ افراد مارے گئے تھے اور اسے پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی گرجا گھر پر ہونے والا سب سے مہلک حملہ قرار دیا جاتا ہے۔