آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کوئٹہ میں فائرنگ میں تین ایف سی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فاطمہ جناح روڈ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں چار سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں میں ایف سی کے تین اور پولیس کا ایک اہلکار شامل ہے۔ اس حملے میں ایک راہ گیر زخمی ہوا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے سروں پر گولیاں ماری گئی تھیں۔
ڈی آئی جی نے ابتدائی تحقیق کے حوالے سے بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے۔
واضح رہے کہ یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب پچھلے ماہ کوئٹہ میں ایک مقابلے میں چار شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔
شالکوٹ پولیس سٹیشن کے حدود میں ہزارگنجی کے علاقے میں ایک کمپاؤنڈ میں شدت پسندوں کی موجودگی اطلاع تھی۔
سیکورٹی فورسز اور پولیس کے اہلکاروں نے اس علاقے میں مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں کمپاؤنڈ میں موجود چار شدت پسند ہلاک ہو گئے۔
مارے جانے والے ان افراد کا تعلق کالعدم شدت پسند تنظیموں سے تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ یہ کارروائی کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ کالج پر خودکش حملے کے تین روز بعد کی گئی ہے جس میں 61 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔