قلات میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، تین شدت پسند ہلاک

    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں سرکاری حکام نے ایک کارروائی میں تین عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کی جانب سے میڈیا کو فراہم کردہ معلومات کے مطابق حساس اداروں اور سیکورٹی فورسز نے قلات کے پہاڑی علاقے سمالو میں یہ کارروائی کی۔

ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس علاقے میں فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد ہلاک ہو گئے جن کا تعلق ایک کالعدم عسکریت پسند تنظیم سے تھا۔

تاحال ان افراد کی فائرنگ کے تبادلے میں ہلاکت اور کسی عسکریت پسند تنظیم سے تعلق کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی میں عسکریت پسندوں کے تین ٹھکانوں کو بھی تباہ کر کے وہاں سے اسلحہ برآمد کیا گیا۔

ایف سی کے ترجمان کے مطابق ایک کارروائی میں بارکھان کے علاقے نساؤ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کالعدم عسکریت پسند تنظم بلوچستان لبریشن فرنٹ ضلع آواران کے دو مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملے اور ان کو نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔

تاہم سرکاری سطح پر ان علاقوں میں سیکورٹی فورسز پر حملوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔