کراچی میں پولیس پر حملے میں ڈی ایس اور محافظ ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty Images
پاکستان کے شہر کراچی میں ایک بار پھر پولیس کو مسلح حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے جس میں ایک ڈی ایس پی اور ان کا محفاظ ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ واقعہ جمعے کی صبح عزیز آباد کے علاقے میں پیش آیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کمپری ہینسو سکول کے قریب تین موٹر سائیکلوں پر سوار تین مسلح افراد نے فائرنگ کی جس میں ڈی ایس پی ٹریفک حنیف اور ان کے محافظ سلطان ہلاک ہوگئے۔ دونوں کی لاشیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہEPA
صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے حملے ہر افسوس کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ حکام سے واقعے کی تفصیلات طلب کرنے کے ساتھ ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
یاد رہے کہ صوبہ سندھ میں گذشتہ ڈیڑھ سال میں 62 پولیس اہلکار ٹارگٹ کلنگ اور مقابلوں میں ہلاک ہوئے ہیں۔
سب سے زیادہ تشویش ناک صورت حال کراچی میں رہی جہاں 42 اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا گیا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے فراہم کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 2016 میں 41 اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ رواں سال کے چھ ماہ میں 23 اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔





